جنوبی افریقہ جون میں بھارت کا دورہ کرے گا

0 1,000

جنوبی افریقہ پانچ ٹی ٹوئنٹی میچز پر مشتمل ایک سیریز کھیلنے کے لیے بھارت کا دورہ کرے گا۔ یہ سیریز انڈین پریمیئر لیگ کے فوراً بعد جون کے اوائل میں شروع ہوگی، جس کا پہلا مقابلہ 9 جون کو دلّی میں ہوگا۔

یہ سیریز رواں سال ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ کو مدِ نظر رکھتے ہوئے بہت اہمیت کی حامل ہے۔ ورلڈ کپ نومبر میں آسٹریلیا میں کھیلا جائے گا۔

سیریز کا دوسرا مقابلہ 12 جون کو کٹک، تیسرا 14 جون کو وشاکھاپٹنم، چوتھا 17 جون کو راج کوٹ اور پانچواں و آخری میچ 19 جون کو بنگلور میں کھیلا جائے گا۔

جنوبی افریقہ کا دورۂ بھارت 2022ء

بمقابلہبمقامبتاریخ
پہلا ٹی ٹوئنٹی بھارت جنوبی افریقہدلّی‏9 جون
دوسرا ٹی ٹوئنٹی بھارت جنوبی افریقہ کٹک‏12 جون
تیسرا ٹی ٹوئنٹی بھارت جنوبی افریقہ وشاکھاپٹنم‏14 جون
چوتھا ٹی ٹوئنٹی بھارت جنوبی افریقہ راج کوٹ‏17 جون
پانچواں ٹی ٹوئنٹی بھارت جنوبی افریقہ بنگلور‏19 جون

چند مہینے پہلے بھارت نے تین ٹیسٹ اور اتنے ہی ٹی ٹوئنٹی کھیلنے کے لیے جنوبی افریقہ کا دورہ کیا تھا اور دونوں ہی سیریز میں شکست کھائی تھی۔

جنوبی افریقہ نے آخری بار مارچ 2020ء میں بھارت کا دورہ کیا تھا، جس میں ون ڈے سیریز کھیلی جانی تھی۔ لیکن پہلا مقابلہ بارش کی نذر ہو جانے کے بعد کرونا وائرس کی آمد کی وجہ سے باقی ماندہ مقابلے منسوخ ہو گئے تھے۔

آخری بار دونوں ٹیموں کے مابین کوئی ٹی ٹوئنٹی سیریز 2019ء میں ہوئی تھی جب جنوبی افریقہ نے تین ٹی ٹوئنٹی اور تین ٹیسٹ کھیلنے کے لیے بھارت کا دورہ کیا تھا۔

بھارت اور جنوبی افریقہ کے کئی اہم کھلاڑی اس وقت آئی پی ایل کھیل رہے ہیں جو 29 مئی تک جاری رہے گی۔