حسن علی کی تباہ کن باؤلنگ، لنکاشائر کی یادگار جیت

0 911

حسن علی کی تباہ کن باؤلنگ کی بدولت لنکاشائر نے کاؤنٹی چیمپیئن شپ ڈویژن ون میں اپنا دوسرا مقابلہ بھی جیت لیا ہے۔

اولڈ ٹریفرڈ میں کھیلے گئے اس مقابلے میں آخری دن گلوسسٹرشائر نے زبردست مزاحمت کی۔ تین وکٹوں پر 67 رنز کے ساتھ دن کے آغاز تو بہت کم امید تھی کہ گلوسسٹرشائر جیمز اینڈرسن، حسن علی، میٹ پارکنسن اور دیگر پر مشتمل باؤلنگ لائن اپ کا مقابلہ کر پائے گی۔

لیکن ٹام لیس، مائلز ہیمنڈ اور آخر میں جیرڈ وارنر کی ناقابلِ یقین کوششوں نے میچ کو دلچسپ مرحلے میں داخل کر دیا، یہاں تک کہ حسن علی نے فیصلہ کُن وکٹ لے کر میچ کا خاتمہ کر دیا۔

دن کی سب سے خاص بات ٹام لیس کی غیر معمولی مزاحمت تھی۔ انہوں نے 266 منٹ تک بیٹنگ کی اور 201 گيندوں کا سامنا کرتے ہوئے 71 رنز بنائے۔ یہ دیکھنے میں تو کم رنز لگتے ہیں، لیکن ان کی اہمیت بہت ہوتی، اگر گلوسسٹرشائر میں کامیاب ہو جاتا۔

کاؤنٹی چیمپیئن شپ ڈویژن وَن 2022ء

لنکاشائر بمقابلہ گلوسسٹرشائر

لنکاشائر اننگز اور 57 رنز سے جیت گیا

گلوسسٹرشائر (پہلی اننگز) 252
مارکس ہیرس67117حسن علی6-4717
لنکاشائر (پہلی اننگز)556-7 ڈ
جوش بوانن231467ظفر گوہر4-13565
گلوسسٹرشائر (دوسری اننگز)247
ٹام لیس71201حسن علی3-4927.1

گلوسسٹرشائر نے پہلی اننگز میں 252 رنز پر آل آؤٹ ہو جانے کے بعد 304 رنز کے خسارے کے ساتھ دوسری اننگز کا آغاز کیا تھا اور تیسرے دن ہی تین وکٹیں کھو بیٹھا تھا۔ پھر میٹ پارکنسن نے دو مسلسل گیندوں پر حریف کپتان گریم وان بورن اور راین ہگنز کو آؤٹ کر کے تہلکہ مچا دیا تھا اور لگتا تھا کہ اننگز کسی بھی وقت ختم ہو جائے گی۔

لیکن یہاں ہیمنڈ اور لیس نے غیر معمولی مزاحمت کی۔ مائلز نے 154 گیندوں پر 50 رنز بنائے جبکہ لیس تو 201 گیندیں کھیل گئے اور دن کے بالکل آخری لمحات میں ثاقب محمود کے ہاتھوں آؤٹ ہوئے۔

ویسے جیرڈ وارنر کی 119 گیندوں پر 10 رنز کی اننگز بھی دلچسپ تھی۔ صرف آخری دو وکٹوں نے ہی 34 اوورز کا کھیل ضائع کیا اور میچ تقریباً بچا لیا تھا۔

بہرحال، وارنر حسن علی کی گیند پر وکٹوں کے پیچھے کیچ دے گئے اور میچ کا خاتمہ ہو گیا۔

حسن علی نے میچ میں سب سے زيادہ 9 وکٹیں حاصل کیں۔