لیگ کرکٹ پر جنوبی افریقہ کی ایک اور کوشش

0 965

کرکٹ ساؤتھ افریقہ نے ایک مرتبہ پھر ٹی ٹوئنٹی لیگ کا اعلان کر دیا ہے۔ 2017ء میں گلوبل ٹی ٹوئنٹی لیگ کے آغاز میں ناکامی کا منہ دیکھا۔ اس کے بعد امزانسی سپر لیگ صرف دو سال چل پائی۔ جس کے بعد یہ جنوبی افریقہ کی کوئی لیگ کروانے کی تیسری کوشش ہوگی اور اس بار سپر اسپورٹ جیسے بڑے ادارے کا ساتھ حاصل ہے۔

یہ نئی لیگ اگلے سال جنوری 2023ء میں کھیلی جائے گی جس میں چھ ٹیمیں حصہ لیں گی، جو ایک دوسرے کے خلاف دو، دو میچز کھیلیں گی۔ تین سے چار ہفتوں پر محیط اس سیزن میں کُل 33 میچز کھیلے جائیں گے۔

جنوبی افریقی بورڈ کے مطابق اس میں غیر ملکی کھلاڑی بھی شریک ہوں گے کہ جنہیں دیگر بین الاقوامی لیگز کی ٹکر کی ادائیگی کی جائے گی۔ کھلاڑیوں کی نیلامی کا عمل رواں سال کیا جائے گا جس کے بعد ہر ٹیم اپنی الیون میں چار غیر ملکی کھلا سکے گی۔

یاد رہے کہ جنوبی افریقہ نے 2017ء میں گلوبل ٹی ٹوئنٹی لیگ نامی ایک فرنچائز لیگ کا اعلان کیا تھا لیکن اسے شروع تک نہیں کروا پایا۔ اس پر جنوبی افریقی بورڈ اور براڈ کاسٹر سپر اسپورٹ کے درمیان کافی لے دے ہوئی تھی جس کے بعد بالآخر لیگ ہی کا خاتمہ ہو گیا۔ اگلے سال یعنی 2018ء میں امزانسی سپر لیگ کا آغاز کیا گیا، جس کے حقوق بھی سپر اسپورٹ کو نہیں ملے۔ بہرحال، آٹھ ٹیموں پر مشتمل یہ لیگ دو سال چلی اور پھر کرونا وائرس کے بہانے سے ایک بار منعقد نہیں ہو سکی۔

اب نئی لیگ کی شروعات کر کے جنوبی افریقہ اپنے مالی معاملات کو بہتر بنانے کی کوشش کرے گا۔ دیکھتے ہیں اس مرتبہ کتنا کامیاب ہو پاتا ہے۔