عثمان خواجہ کو بھارتی ویزا کے حصول میں مشکلات کا سامنا
بھارت نے پاکستانی نژاد آسٹریلوی کھلاڑی عثمان خواجہ کو اگلے ماہ چیمپئنز لیگ ٹی ٹوئنٹی میں شرکت کے لیے ویزا دینے سے انکار کر دیا ہے. یہ بات عثمان خواجہ نے سوشل میڈیا سائٹ ٹویٹر پر اپنے پیغام میں بتائی. انہوں نے ٹویٹ کیا کہ "بھارت نے مجھے بطور آسٹریلوی باشندہ ویزا جاری کرنے سے انکار کر دیا ہے، کیونکہ میں آسٹریلیا میں پیدا نہیں ہوا، بہت خوب".
کرکٹ آسٹریلیا نے عثمان خواجہ کے اس بیان کی تصدیق کرتے ہوئے کہا ہے کا ویزا بھارتی ہائی کمیشن کے عہدیداروں کی جانب سے روک لیا گیا ہے لیکن انہوں نے اس امید کا اظہار کیا ہے کہ معاملہ ٹورنامنٹ کے آغاز سے قبل حل ہو جائے گا.
کرکٹ آسٹریلیا کے ترجمان فلپ پوپ نے کہا کہ آسٹریلیا میں بھارتی ہائی کمیشن کے دفتر میں عثمان خواجہ کی ویزا کی درخواست کے ساتھ کچھ مسئلہ ہے اور اس حوالے سے کرکٹ نیو ساؤتھ ویلز اور کرکٹ آسٹریلیا تفصیلات کے خواہاں ہیں. گو کہ ہم معاملے کے حل میں صرف ہونے والے وقت کے بارے میں نہیں بتا سکتے لیکن مجھے امید ہے کہ ہمارے تعلقات جس نوعیت کے ہیں اس لیے جلد ہی یہ معاملہ حل ہو جائے گا.
عثمان حواجہ آسٹریلیا کی نمائندگی کرنے والے پہلے مسلمان کھلاڑی ہیں جنہوں نے رواں سال جنوری میں ایشیز کے پانچویں ٹیسٹ میں آسٹریلیا کی نمائندگی کی تھی. وہ نیو ساؤتھ ویلز کی ٹیم کا حصہ ہیں جو چیمپئنز لیگ ٹی ٹوئنٹی میں کھیلے گی.
واضح رہے کہ بھارت اور پاکستان کے درمیان کرکٹ تعلقات گزشتہ چند سالوں سے بہت خراب ہیں جس کے باعث پاکستانی کھلاڑی تین سالوں سے آئی پی ایل میں شریک نہیں ہو سکے. اس کے علاوہ دونوں ممالک کی ٹیموں نے 4 سالوں سے ایک دوسرے کے خلاف کوئی ٹیسٹ یا ایک روزہ سیریز نہیں کھیلی. عام خیال یہی ہے کہ عثمان خواجہ کے معاملے میں بھارتی سلوک کی وجہ ان کا پاکستانی نژاد ہونا ہے تاہم آسٹریلوی بورڈ کے اثرو رسوخ کے باعث اس معاملے کا جلد طے پاجانے کی بھی توقع ہے.