وقار یونس کے استعفے کا معاملہ مشکوک ہے، شاہد آفریدی

1 1,023

پاکستان کے سابق کپتان شاہد خان آفریدی نے کوچ وقار یونس کے استعفے کے معاملے کو مشکوک قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ طبی مسائل کی بنا پر وقار یونس کا مستعفی ہونے کا فیصلہ اُن کی سمجھ سے بالاتر ہے ۔

شاہد آفریدی کی راہ کی ایک اور دیوار گر گئی، کیا اب وہ ٹیم میں واپس آ سکیں گے؟
شاہد آفریدی کی راہ کی ایک اور دیوار گر گئی، کیا اب وہ ٹیم میں واپس آ سکیں گے؟

پاکستان کے کوچ وقار یونس نے سنیچر کو لاہور میں ذرائع ابلاغ کے نمائندوں سے گفتگو کرتے ہوئے اعلان کیا تھا کہ دورۂ زمبابوے بطور کوچ ان کا آخری دورہ ہوگا۔ انہوں نے بتایا کہ وہ پاکستان کرکٹ بورڈ کو گزشتہ ہفتے اپنا استعفیٰ دے چکے ہیں جسے منظور بھی کر لیا گیا ہے۔

یہ کوچ وقار یونس اور شاہد خان آفریدی کے درمیان پیدا ہونے والی گرما گرمی ہی تھی جس کی وجہ سے شاہد آفریدی کے بین الاقوامی کیریئر کا خاتمہ ہوا۔ دونوں کے درمیان دورۂ ویسٹ انڈیز میں کھلاڑیوں کے انتخاب کے معاملے پر کچھ تنازع پیدا ہوا اور وہ اتنا بڑھا کہ بہرحال شاہد کو بین الاقوامی کرکٹ سے مشروط ریٹائرمنٹ کا اعلان کرنا پڑا۔

وقار یونس کے اس اچانک اعلان کے بعد کراچی میں ذرائع ابلاغ کے نمائندوں سے گفتگو کرتے ہوئے شاہد آفریدی نے کہا کہ وقار یونس دورۂ زمبابوے کے لیے قومی ٹیم کے تربیتی کیمپ میں جوش و خروش کے ساتھ شریک نظر آئے، اور اُن کے اعلان کے مطابق وہ ٹیم کے ہمراہ زمبابوے بھی جارہے ہیں ، اس لیے ایسی صورتحال میں اُن کا طبی مسائل کی بنا پر مستعفی ہونے کا فیصلہ کم ازکم میری سمجھ سے تو باہر ہے۔

تاہم شاہد آفریدی کا کہنا تھا کہ وہ اپنی اس بات پر قائم ہیں کہ بورڈ میں اچھے لوگ آئیں تو وہ مناسب وقت پر بین الاقوامی کرکٹ میں واپسی کے بارے میں سوچیں گے۔

شعلہ فشاں بلے باز نے کہا کہ پاکستان میں کھیل سے وابستہ ہیروز خصوصاً کرکٹرز کے ساتھ جو کچھ ہوتا رہا اور جو ابھی حال ہی میں ان کے ساتھ ہوا وہ ہر گز مثالی صورتحال نہیں ہے۔ ٹیم انتظامیہ اور بورڈ میں متواتر تبدیلیوں کا معاملہ سب کے سامنے اور اس حوالے سے اعجاز بٹ سے جواب طلب کرنا چاہیے۔

ویسے صورتحال شاہد آفریدی کے حق میں پلٹتی دکھائی دے رہی ہے کیونکہ ٹیم میں ان کے سامنے چار رکاوٹیں تھیں، ایک مینیجر انتخاب عالم، دوسرے ہیڈ کوچ وقار یونس، تیسرے اسسٹنٹ کوچ عاقب جاوید اور چوتھے چیئرمین بورڈ اعجاز بٹ، ان میں سے تین رکاوٹیں تو ایک، ایک کر کے ان کے راستے سے ہٹ چکی ہیں، اب دیکھنا یہ ہے کہ شاہد آفریدی ٹیم میں واپس آتے ہیں یا ابھی اعجاز بٹ کے جانے کا بھی انتظار کریں گے۔