قومی ٹی ٹوئنٹی ٹورنامنٹ کراچی منتقل کر دیا گیا

پاکستان کرکٹ بورڈ نے فیصل بینک قومی ٹی ٹوئنٹی ٹورنامنٹ کو لاہور سے کراچی منتقل کر دیا ہے۔
صوبہ پنجاب کے دارالحکومت لاہور میں پھیلی ہوئی ڈینگی کی وباء کے باعث کھلاڑیوں کو شدید تشویش لاحق تھی۔ گزشتہ روز صدر مملکت اور پیٹرن اِن چیف پاکستان کرکٹ بورڈ آصف علی زرداری سے ملاقات میں ڈائریکٹر جنرل پاکستان کرکٹ بورڈ جاوید میانداد سمیت دیگر اہم عہدیداروں اور کھلاڑیوں نے مطالبہ کیا کہ ٹورنامنٹ کو لاہور سے کراچی منتقل کیا جائے۔

اس پر فوری اقدام اٹھاتے ہوئے پاکستان کرکٹ بورڈ نے بدھ کی صبح ٹورنامنٹ کی منتقلی کا اعلان کر دیا تاہم توقعات کے برعکس تاریخوں میں کوئی رد و بدل نہیں کیا گیا اور ٹورنامنٹ شیڈول کے مطابق 25 ستمبر سے 2 اکتوبر تک ہی کھیلا جائے گا۔
مذکورہ ملاقات میں صدر مملکت نے چیئرمین پاکستان کرکٹ بورڈ اعجاز بٹ سے استدعا کی تھی کہ کھلاڑیوں کی صحت کو درپیش ممکنہ خطرات کے باعث ٹورنامنٹ کی منتقلی پر غور کریں جس پر اعجاز بٹ نے انہیں یقین دلایا کہ بورڈ کے خصوصی اجلاس میں تمام آپشنز پر غور کیا جائے گا جس میں کراچی منتقلی بھی زیر غور ہوگی اور یوں آج حتمی فیصلہ کر لیا گیا۔
پاکستان کرکٹ بورڈ کے اس اہم ترین قومی ایونٹ میں 14 ٹیمیں حصہ لیں گی جنہیں 4 گروپوں میں تقسیم کیا گیا ہے۔ ہر گروپ سے سرفہرست ٹیم سیمی فائنل میں پہنچے گی۔ گروپ مرحلے میں روزانہ تین مقابلے کھیلے جائیں گے۔ کرکٹ بورڈ جلد ہی ٹورنامنٹ کا مکمل شیڈول پیش کرے گا۔