کوچ تلاش کمیٹی کا اہم اجلاس آج، عاقب و عبد القادر اہم امیدوار

1 1,000

پاکستان کرکٹ بورڈ کی کوچ تلاش کمیٹی کا اہم اجلاس آج کراچی میں ہونے والا ہے جس میں قومی کرکٹ ٹیم کے نئے کوچ کے تقرر کے لیے اہم فیصلہ متوقع ہے۔

عاقب جاوید گزشتہ 10 سال سے کسی نہ کسی صورت میں پاکستان کرکٹ بورڈ سے منسلک ہیں
عاقب جاوید گزشتہ 10 سال سے کسی نہ کسی صورت میں پاکستان کرکٹ بورڈ سے منسلک ہیں

ذرائع نے کرک نامہ کو بتایا ہے کہ 26 ستمبر تک خواہشمندوں کی جانب سے درخواستوں کی وصولی کے بعد اب کمیٹی کا پورا زور ملکی کوچ پر ہی ہے جس میں سب سے زیادہ مضبوط امیدوار عاقب جاوید بھی شامل ہیں، جن کے بارے میں کرک نامہ نے پہلے ہی بتا دیا تھا۔ ان کے علاوہ جو دوسرے اہم امیدوار ہیں وہ سابق اسپنر اور بورڈ میں مختلف عہدوں پر ذمہ داریاں نبھانے والے عبد القادر بھی شامل ہیں۔ جبکہ تیسرے امیدوار اعجاز احمد ہوں گے۔

کوچ تلاش کمیٹی کا اجلاس آج دوپہر کراچی کے مقامی ہوٹل میں ہوگا جس میں کمیٹی کے سربراہ انتخاب عالم کے علاوہ دیگر دونوں اراکین ظہیر عباس اور کرنل (ر) نوشاد علی شریک ہوں گے جبکہ کمیٹی میں معاون کے طور پر شامل کیے گئے رمیز راجہ بھی اپنے مشورے سے نوازیں گے۔

آج کے اجلاس میں حتمی امیدواروں کی فہرست مرتب کی جائے گی جس کی بنیاد پر پاکستان کرکٹ بورڈ نئے کوچ کا فیصلہ کرے گا۔

کرک نامہ نے رواں ماہ کے اوائل میں اپنے ذرائع سے بتایا تھا کہ اس وقت نئے کوچ کے لیے سب سے مضبوط امیدوار عاقب جاوید ہیں، اور اب تک کی اطلاعات کے مطابق بھی زیادہ جھکاؤ انہی کی طرف ہے۔