افغان چیتاز کو کرارا جواب؛ راولپنڈی ریمز نے میدان مارلیا

1 1,123

فیصل بینک ٹی ٹوئنٹی 2011ء کے گروپ بی میں شامل رالپنڈی ریمز نے افغان چیتاز کی جارحانہ بلے بازی کا بھرپور اور منہ توڑ جواب دیتے ہوئے میدان مار لیا. کراچی کے نیشنل اسٹیڈیم میں ہونے والے اس مقابلہ سے قبل عام خیال تھا کہ یہ یک طرفہ میچ ہوگا تاہم ٹورنامنٹ کی واحد غیر ملکی مہمان ٹیم افغان چیتاز کے بلے بازوں نے بلند و بالا چکھوں سے اس میچ کو خلاف توقع سنسنی خیز اور بڑے مجموعہ کا حامل بنا دیا.

افغان چیتاز کے نجیب اللہ زادران نے 51 رنز کی ناقابل شکست اننگ کھیلی (تصویر: Faysal Cricket)
افغان چیتاز کے نجیب اللہ زادران نے 51 رنز کی ناقابل شکست اننگ کھیلی (تصویر: Faysal Cricket)

افغان ٹیم نے ٹاس جیت کر پہلے خود کھیلنے کا فیصلہ کیا تو اسے پہلا اور دوسرا نقصان بالترتیب 20 اور 29 کے مجموعی اسکور پر محمد رمیز کے ہاتھوں ہوا. اس موقع پر سمیع اللہ شنواری کی آمد نے افغان چیتاز میں نئی جان ڈال دی. سمیع اللہ نے ریمز کے گیند بازوں کا جم کر مقابلہ کیا اور تابڑ توڑ حملے جاری رکھے. دوسرے اینڈ سے نجیب اللہ زادران نے ریمز کے گیند بازوں کو آڑے ہاتھوں لیا اور ہر خراب گیند کو باؤنڈری سے باہر کا رستہ دکھایا. سمیع اور نجیب نے چوتھی وکٹ کی شراکت میں 78 رنز بنائے. سمیع نے 32 گیندوں پر 3 بلند و بالا چھکوں اور 2 چوکوں کی مدد سے 52 رنز بنائے جبکہ نجیب نے 3 فلک بوس چھکوں اور 3 چوکوں کی مدد سے 51 رنز کی اننگ کھیلی. مڈل آرڈر بلے بازوں کی شعلہ فشاں اننگ کی بدولت چیتاز 162 کا بڑا مجموعہ اکھٹا کرنے میں کامیاب ہوئے.

جواب میں راولپنڈی ریمز نے دھواں دھار انداز سے اننگ کا آغاز کیا. اوپنر اویس ضیاء نے ذمہ دارانہ انداز سے کھیلتے ہوئے برق رفتاری سے ہدف کا تعاقب شروع کیا تاہم کوئی دوسرا بلے باز ان کا ساتھ دینے پر راضی نظر نہ آتا تھا. تین کھلاڑیوں کی پویلین واپسی کے بعد اویس کو تجربہ کار عمر امین کا ساتھ حاصل ہوا. دونوں کھلاڑیوں نے اسکور میں 55 رنز کا اضافہ کیا. 104 کے مجموعہ پر اویس ضیاء 41 گیندوں پر 1 چھکے اور 10 چوکوں کی مدد سے 60 رنز بنا کر رخصت ہوئے. جس کے بعد سہیل تنویر اور پھر حماد اعظم نے عمر امین کا بھرپور ساتھ دیا. عمر اور حماد نے عمدہ بلے بازی کرتے ہوئے مقررہ اوورز کی 7 گیندوں قبل ہی مطلوبہ ہدف حاصل کر لیا.

روالپنڈی ریمز کے اوپنر اویس ضیاء کو شاندار اننگ کھیلنے پر میچ کا بہترین کھلاڑی قرار دیا گیا. حیرت انگیز کارکردگی دکھانے والی افغان چیتاز کی ٹیم میں 6 کھلاڑی ایسے تھے جنہیں پہلی بار کسی ٹی ٹوئنٹی مقابلے میں شرکت کا موقع ملا. ان میں عبداللہ، محمد سمیع، نجیب اللہ زادران، نجیب تراکی، قاسم خان اور سید شیرزاد شامل ہیں.

فاتح ٹیم راولپنڈی ریمز کی کارکردگی دیکھ کر بلا شک و شبہہ اسے ٹورنامنٹ کی فیورٹ ٹیموں میں شمار کیا جاسکتا ہے. دوسری جانب شکست خوردہ افغان ٹیم مزید دو مقابلوں میں حصہ لے گی تاہم سیمی فائنل تک رسائی اس شکست کے بعد مشکل ہی نظر آتی ہے.