وولفز کا فاتحانہ آغاز؛ ٹائیگرز پہلے ہی مقابلے میں پسپا
قومی ٹیم کے کپتان مصباح الحق کی قیادت میں اترنے والی فیصل آباد وولفز نے ملتان ٹائیگرز کو شکست دے کر فیصل بینک ٹی ٹوئنٹی ٹورنامنٹ 2011ء کے سفر کا کامیاب آغاز کر لیا ہے. کراچی کے نیشنل اسٹیڈیم میں جاری ٹورنامنٹ کے گروپ بی کے اس اہم میچ میں تجربہ کار وولفز کھلاڑی حریف ٹائیگرز پر حاوی نظر آئے اور بالآخر حریف ٹیم ہدف سے 54 رنز قبل ہی حوصلہ ہار بیٹھی.
فیصل آباد وولفز نے ٹاس جیت کر پہلے بلے بازی کرنے کا فیصلہ کیا جو بڑی حد تک درست ثابت ہوا. آصف حسین اور آصف علی کی جانب سے فراہم کیے جانے والے برق رفتار آغاز نے وولفز کو بڑا مجموعہ اکھٹے کرنے کی بنیاد فراہم کی. 57 رنز کی اوپننگ شراکت کے بعد خرم شہزاد نے ون ڈاؤن پوزیشن پر عمدہ بلے بازی کی اور آصف علی کے ہمراہ اسکور کو 99 تک لے گئے. تین ابتدائی بلے بازوں کی عمدہ کارکردگی کے باوجود بعد میں آنے والے بلے باز اسکور میں قابل قدر اضافہ نہ کرسکے. اکثر بلے باز غیر ضروری رنز لینے کی کوشش میں آؤٹ ہوئے. رن آؤٹ ہونے والے ان وولفز کھلاڑیوں میں نوید لطیف، عمران خالد، وکٹ کیپر محمد سلمان اور عبدالرؤف شامل ہیں. تاہم ملتان ٹائیگرز کے گیند بازوں نے حریف بلے بازوں کی غیر ذمہ داری کا ازالہ کرتے ہوئے انہیں 17 وائڈ گیندوں سمیت 30 اضافی رنز عطا کیے. یوں وولفز کی ٹیم 161 کا قابل دفاع مجموعہ حاصل کرنے میں کامیاب ہوئی.
ملتان کے لیے یہ ہدف مشکل تو نظر آہی رہا تھا لیکن فیصل آباد کے تجربکار گیند بازوں نے اسے ناقابل عبور بنادیا. 4 کے مجموعہ پر پہلا نقصان اٹھانے کے بعد ملتان کے بلے بازوں زین عباس اور وکٹ کیپر بلے باز گلریز صدف نے اننگ کو سہارا دیا اور 59 رنز کی اہم شراکت قائم کی. گو کہ یہ شراکت داری ملتان کے لیے اہم تھی تاہم سست رفتاری کے باعث ہدف کے کامیاب تعاقب کے لیے درکار فی اوسط کے ساتھ ٹائیگرز پر دباؤ بھی بڑھتا جارہا تھا. دباؤ کا فائدہ اٹھا تے ہوئے وولفز گیند بازوں نے 72 کے مجموعہ پر تیسری، چوتھی اور پانچویں وکٹ حاصل کر کے ٹائیگرز کو مزید دیوار سے لگادیا. رہی سہی کسر 74 اور 76 پر بالترتیب گرنے والی چھٹی اور پانچویں وکٹ نے پوری کردی. سعید اجمل کی گھومتی ہوئی گیندوں اور عمران خالد و عبدالرؤف کے بالنگ اٹیک کے باعث وولفز نے مقررہ 20 اوورز میں ٹائیگرز کو صرف 107 رنز ہی بنانے کا موقع فراہم کیا.
وولفز کی جانب سے بہترین گیند بازی کرنے والے سعید اجمل کو میچ کا بہترین کھلاڑی قرار دیا گیا. وقاص محمود نے فیصل آباد کی جانب سے کھیلتے ہوئے اس میچ کے ذریعے اپنے ٹی ٹوئنٹی کیرئر کی شروعات کی. ملتان کی جانب سے محمد سمیع (1)، محمد زاہد (1) اور معین الدین کو متعارف کروایا گیا.
شکست خوردہ ملتان ٹائیگرز کی ٹیم اس میچ کے بعد ٹورنامنٹ سے تقریباَ باہر ہوگئی ہے تاہم باقی ماندہ دو مقابلوں میں بہترین کارکردگی اور بڑی ٹیموں کی اپ سیٹ شکست اسے ٹورنامنٹ کے اگلے مرحلے میں بھیج سکتی ہے. دوسری جانب فیصل آباد وولفز کی قسمت کا فیصلہ کل افغان چیتاز کے خلاف اور پھر فیورٹ راولپنڈی ریمز سے ہونے والے میچ میں ہوگا.