پاکستانی کھلاڑیوں پر آئی پی ایل کے دروازے بدستور بند

1 1,008

بھارتی پریمیئر لیگ (آئی پی ایل) نے اگلے سیزن میں پاکستانی کھلاڑیوں کو شامل کرنے سے انکار کر دیا، یوں آئی پی ایل 2012ء میں بھی پاکستان کا کوئی کھلاڑی ایکشن میں نظر نہیں آئے گا۔

آئی پی ایل کی گورننگ کونسل کا اجلاس جمعہ کو حیدرآباد دکن میں منعقد ہوا جس کی صدارت آئی پی ایل کے نئے چیئرمین راجیو شکلا نے کی۔

پاکستان کے کھلاڑی آئی پی ایل کے ابتدائی سیزن میں عمدہ کارکردگی کا مظاہرہ کر چکے ہیں
پاکستان کے کھلاڑی آئی پی ایل کے ابتدائی سیزن میں عمدہ کارکردگی کا مظاہرہ کر چکے ہیں

بھارتی کرکٹ بورڈ کے پاکستان کے حوالے سے معاندانہ رویے کا اندازہ اس بات سے لگایا جا سکتا ہے کہ وہی راجیو شکلا جنہوں نے چند روز قبل اپنے ملک کے سرکاری خبر رساں ادارے 'پریس ٹرسٹ آف انڈیا' سے گفتگو کرتے ہوئے یہ کہا تھا کہ آئی پی ایل میں پاکستان پر کوئی پابندی نہیں ہے اور گورننگ کونسل 4 اکتوبر کو اپنے اگلے اجلاس میں پاکستانی کھلاڑیوں کی شمولیت پر بھی غور کرے گی، لیکن آج انہی راجیو شکلا صاحب نے اجلاس کے بعد یہ کہہ ڈالا کہ پاکستانی کھلاڑیوں کی شمولیت کا معاملہ ایجنڈے تک کا حصہ نہیں تھا، اس لیے اس پر گفتگو کا سوال ہی پیدا نہیں ہوتا۔

یوں پاکستان کے کھلاڑی مسلسل تیسرے سال دنیا کے اس اہم ترین لیگ ایونٹ میں شرکت نہیں کر پائیں گے۔ پاکستان کے کھلاڑیوں نے صرف آئی پی ایل کے ابتدائی سیزن میں مختلف ٹیموں کی نمائندگی کی تھی جس کے بعد 2008ء میں ممبئی دہشت گرد حملوں کا افسوسناک واقعہ پیش آیا، نتیجتاً پاک-بھارت کرکٹ تعلقات منقطع ہوئے اور اب دونوں ممالک ایک دوسرے کے خلاف بین الاقوامی سیریز کھیلنے سے بھی گریزاں ہیں۔

بھارتی ذرائع ابلاغ کے مطابق اجلاس میں پاکستانی کھلاڑیوں کی شمولیت کا فیصلہ فرنچائزز کی عدم دلچسپی کی وجہ سے نہ ہو سکا۔ گزشتہ سال 11 پاکستانی کھلاڑیوں کی دستیابی کے باوجود کسی بھی فرنچائز نے انہیں خریدنا پسند نہیں کیا تھا اور اس کی وجہ سیکورٹی کے حوالے سے خدشات تھے۔ یوں اس سال بھی فرنچائزز کے تحفظات نے پاکستانی کھلاڑیوں کی امیدوں کا خاتمہ کر دیا۔

اجلاس میں کیا گیا سب سے اہم فیصلہ اگلے سیزن میں ٹیموں کی تعداد اور فارمیٹ پر تھا، جس کے مطابق آئی پی ایل 2012ء میں 9 ٹیمیں شرکت کریں گی اور ٹورنامنٹ راؤنڈ رابن طرز پر ہوگا یعنی تمام ٹیمیں ایک دوسرے کے خلاف میچز کھیلیں گی۔ یوں کوچی ٹسکرز کیرالہ کا سفر محض ایک ہی سیزن میں اختتام کو پہنچا اور اب اس سے وابستہ کھلاڑیوں کا آئی پی ایل مستقبل ڈانواں ڈول ہے۔

آئی پی ایل کا اگلا سیزن 4 اپریل سے 27 مئی 2012ء تک منعقد ہوگا جس کی افتتاحی تقریب 3 اپریل کو چنئی میں ہوگا۔