پروین کی جگہ متھن دورۂ آسٹریلیا کے لیے منتخب

0 1,024

بھارت نے دورۂ آسٹریلیا کے لیے نوجوان گیند باز ابھیمنیو متھن کو طلب کر لیا ہے۔ وہ زخمی پروین کمار کی جگہ لیں گے جو پسلی میں تکلیف کے باعث دورے سے دستبردار ہو چکے ہیں، 'ڈاؤن انڈر' جانے والے 17 رکنی دستے کے لیے متھن کو ونے کمار اور عرفان پٹھان پر ترجیح دی گئی ہے۔

اہم گیند بازوں کے قائم مقام کی حیثیت سے متھن کی حیثیت مضبوط ہوتی جا رہی ہے (تصویر: AFP)
اہم گیند بازوں کے قائم مقام کی حیثیت سے متھن کی حیثیت مضبوط ہوتی جا رہی ہے (تصویر: AFP)

متھن نے گزشتہ سال دورۂ سری لنکا میں تین ٹیسٹ مقابلوں میں چھ وکٹیں سمیٹی تھیں تاہم ظہیر خان اور سری سانتھ کی واپسی سے انہیں اپنے مقام سے محروم ہونا پڑا۔ بعد ازاں انہیں رواں سال مئی میں ویسٹ انڈیز کے ایسے دورے کے لیے منتخب کیا گیا جہاں سینئر کھلاڑیوں کو آرام کا موقع دیا گیا تھا۔ انگلستان کے اہم دورے کے لیے بھی ان پر نظر کرم نہیں ڈالی گئی تاہم اب دورۂ آسٹریلیا کے لیے ظہیر خان، سری سانتھ اور پروین کمار جیسے گیند بازوں کی عدم موجودگی ان کی شمولیت کا سبب بنی ہے۔یعنی کہ بحیثیت مجموعی وہ قائم مقام ہی ہیں، جنہیں کسی اہم گیند باز کی عدم موجودگی میں جگہ دی جاتی ہے۔

دورۂ آسٹریلیا کے ٹیسٹ مرحلے کے لیے منتخب کیے گئے دیگر تیز گیند بازوں میں امیش یادیو اور ورون آرون جیسے نوجوانوں کے ساتھ نسبتا تجربہ کار ایشانت شرما شامل ہیں۔ گو کہ ظہیر خان کو دستے میں شامل کیا گیا ہے لیکن ان کی شمولیت مکمل طور پر فٹنس سے مشروط ہے، اور بھارت دورۂ انگلستان میں اٹھائی گئی خفت کے بعد اب ہر گز آدھے فٹ ظہیر کو کھلانے کا خطرہ مول نہیں لے گا۔

دورے کا باضابطہ آغاز 26 دسمبر کو روایتی 'باکسنگ ڈے ٹیسٹ' سے ہوگا جس کے لیے دستے کے سات اراکین –سچن ٹنڈولکر، راہول ڈریوڈ، وی وی ایس لکشمن، امیش یادیو، ایشانت شرما، پراگیان اوجھا اور وریدھمن ساہا – چند روز بعد 8 دسمبر ہی کو روانہ ہو جائیں گے۔