ڈومیسٹک کرکٹ کی بہتری کے لیے پی سی بی کی نئی ٹاسک ٹیم

1 1,001

پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) نے ملک میں مقامی کرکٹ کے نظام کو بہتر بنانے کے لیے ماضی کے اہم ترین کھلاڑیوں کو ایک جگہ پر جمع کر کے سفارشات طلب کر لی ہیں۔ اس سلسلے میں چیئرمین پی سی بی ذکا اشرف نے ایک خصوصی ٹاسک ٹیم کی منظوری دی ہے جس کی سربراہی سابق کوچ و مینیجر انتخاب عالم کے سپرد کی گئی ہے۔ کمیٹی کے لیے پی سی بی نے عظیم گیند باز وسیم اکرم کو بھی طلب کیا تھا لیکن انہوں نے اپنی مصروفیات کے باعث معذرت کر لی۔

ڈومیسٹک کرکٹ کی بہتری پاکستان کرکٹ کے مستقبل کے لیے ضروری ہے
ڈومیسٹک کرکٹ کی بہتری پاکستان کرکٹ کے مستقبل کے لیے ضروری ہے

پاکستان کرکٹ بورڈ کی جانب سے کرک نامہ کو موصول ہونے والے اعلامیہ کے مطابق ٹاسک ٹیم ڈومیسٹک کرکٹ کے موجودہ ڈھانچے کا جائزہ لے گی، اور اس کی خوبیوں و خامیوں پر غور کے بعد بہتری کے لیے درکار سفارشات بورڈ کے روبرو پیش کرے گی۔ اس سلسلے میں ٹیم اگلے دو ماہ تک اپنی سہولت کے مطابق مختلف اوقات و مقامات پر جتنے چاہے اجلاس منعقد کر سکتی ہے۔ تاہم اعلامیہ میں واضح کیا گیا ہے کہ ٹاسک ٹیم کا کردار محض سفارشات مرتب کرنا ہوگا اور پاکستان کرکٹ بورڈ اُن کی مرتب کردہ تمام سفارشات پر عملدرآمد کا پابند نہیں ہوگا۔

ٹاسک ٹیم دو ماہ کے اندر اپنی حتمی سفارشات پاکستان کرکٹ بورڈ کو پیش کرے گی۔ کمیٹی کے چیئرمین قومی کرکٹ ٹیم کے سابق کھلاڑی، کوچ و مینیجر انتخاب عالم ہوں گے جبکہ اراکین میں جاوید میانداد، ظہیر عباس، سرفراز نواز، امتیاز احمد، معین خان اور اقبال قاسم جیسی اہم کرکٹ شخصیات شامل ہیں۔ اِن کے علاوہ ڈائریکٹر ڈومیسٹک کرکٹ ذاکر خان کمیٹی کے سیکرٹری کے فرائض انجام دیں گے۔

پاکستان کرکٹ بورڈ کا کہنا ہے کہ کمیٹی کے لیے پی سی بی نے سابق باؤلر وسیم اکرم سے بھی رابطہ کیا تھا لیکن انہوں نے اپنی مصروفیات کے باعث معذرت کر لی۔