دورۂ سری لنکا، آسٹریلیا کا شاندار آغاز

0 884

گزشتہ چند ماہ سے سری لنکا سے کوئی اچھی خبر نہیں آ رہی تھی۔ اس صورت حال میں جب آسٹریلین کرکٹ ٹیم کا دورہ شروع ہوا تو توقعات ملی جلی تھیں، لیکن منگل کی شام راناسنگھے پریماداسا اسٹیڈیم میں ماحول ہی کچھ دوسرا تھا۔ سری لنکا کامیابی تو حاصل نہ کر سکا لیکن کرکٹ کس طرح اداس چہروں پر مسکراہٹیں لاتی ہے، یہ ضرور دیکھنے کو ملا۔

بہرحال، آسٹریلیا کے دورۂ سری لنکا کا آغاز بہت ہی شاندار انداز میں ہوا ہے۔ جس نے پہلے ٹی ٹوئنٹی میں سری لنکا کو 10 وکٹوں سے شکست دی ہے۔

آسٹریلیا کا دورۂ سری لنکا 2022ء - پہلا ٹی ٹوئنٹی

سری لنکا بمقابلہ آسٹریلیا

‏7 جون 2022ء

راناسنگھے پریماداسا اسٹیڈیم، کولمبو، سری لنکا

نتیجہ: آسٹریلیا 10 وکٹ سے جیت گیا

سری لنکا 128
چارتھ اسالنکا3834
پاتھم نسانکا3631
آسٹریلیا باؤلنگامرو
جوش ہیزل ووڈ40164
مچل اسٹارک40263

آسٹریلیا 🏆134-0
ڈیوڈ وارنر70٭44
آرون فنچ61٭40
سری لنکا باؤلنگامرو
مہیش تھیکشانا40250
چمیکا کرونارتنے20132

آسٹریلیا نے ٹاس جیت کر پہلے سری لنکا کو بلے بازی دی تو ایسا لگ رہا تھا یہ فیصلہ کر کے غلطی کر دی ہے۔ سری لنکا نے پاور پلے ہی میں 59 رنز جڑ دیے اور 12 ویں اوور میں صرف ایک وکٹ پر 100 رنز تک پہنچ گیا۔ لیکن پھر چند اوور نے میچ کو پلٹ کر رکھ دیا اور سری لنکا محض 28 رنز کے اضافے سے 9 وکٹوں سے محروم ہو گیا۔

یہ بارہویں اوور کی آخری گیند پر پاتھم نسانکا کی وکٹ تھی، جس کے گرتے ہی گویا بند ٹوٹ گیا اور سیلابی ریلا سری لنکا کو بہا لے گیا۔

آسٹریلیا کی جانب سے جوش ہیزل ووڈ نے تباہ کن باؤلنگ کا مظاہرہ کیا اور اپنے 4 اوورز میں صرف 16 رنز دے کر چار کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا۔ ان میں سے تین وکٹیں انہوں نے ایک ہی اوور میں حاصل کیں، جس میں کوسال مینڈس، بھانوکا راج پکشا اور کپتان ڈاسن شناکا تینوں شامل تھے۔ اس کے بعد جو کسر رہ گئی تھی وہ چند گیندوں کے وقفے سے دو رن آؤٹس سے پوری ہو گئی۔

اس کے بعد بھلا میچ میں واپس آنے کا کون سا امکان رہ جاتا تھا؟ آسٹریلیا کے حوصلے ایسے بلند ہوئے کہ بارش بھی انہیں توڑ نہیں پائی۔

آسٹریلوی اوپنرز آرون فنچ اور ڈیوڈ وارنر نے ہدف صرف 14 اوورز میں مکمل کر لیا۔

فنچ نے چار چھکوں اور اتنے ہی چوکوں کی مدد سے 61 رنز بنائے جبکہ وارنر 9 چوکوں کے ذریعے 70 رنز بنا کر ناقابلِ شکست واپس آئے۔

یوں آسٹریلیا نے ایک طویل دورے کا زبردست آغاز کیا ہے، جس میں تین ٹی ٹوئنٹی کے بعد پانچ ون ڈے انٹرنیشنل اور دو ٹیسٹ بھی کھیلے جائیں گے۔