ویسٹ انڈیز کو دھچکا، زخمی ڈیرن براوو دو مقابلوں کے لیے باہر

0 1,021

آئرلینڈ کے ہاتھوں اپ سیٹ شکست کے بعد پاکستان کے خلاف شاندار فتح سے اپنے اوسان بحال کرنے کے بعد ویسٹ انڈیز کو آئندہ مقابلوں سے قبل ایک سخت دھچکا پہنچا ہے، ان کے بہترین بلے باز ڈیرن براوو زخمی ہونے کے بعد دو مقابلوں سے باہر ہونے والے ہیں۔

ڈیرن براوو پاکستان کے خلاف زخمی ہونے کے بعد  49 رنز پر ریٹائرڈ ہرٹ ہوگئے تھے (تصویر: Getty Images)
ڈیرن براوو پاکستان کے خلاف زخمی ہونے کے بعد 49 رنز پر ریٹائرڈ ہرٹ ہوگئے تھے (تصویر: Getty Images)

براوو ہفتے کو پاکستان کے خلاف بلے بازی کرتے ہوئے رن لینے کے دوران ران کی تکلیف کا شکار ہوگئے تھے۔ جس کے بعد انہیں ریٹائرڈ ہرٹ ہو کر میدان سے باہر جانا پڑا۔ جانچ کے بعد معلوم ہوا کہ ان کی بائیں ران کے پٹھوں میں کھنچاؤ ہے، اور صحت یابی کے لیے انہیں مزید وقت درکار ہوگا۔

ٹیم انتظامیہ کا کہنا ہے کہ براوو منگل کو زمبابوے کے خلاف مقابلے میں شرکت نہیں کریں گے اور جنوبی افریقہ کے خلاف جمعے کو ہونے والے اہم مقابلے میں بھی ان کی شرکت مشکوک ہے۔

ویسٹ انڈیز کے لیے یہ خبر خوش آئند نہیں ہے کیونکہ ان کی عدم موجودگی میں ویسٹ انڈیز کی بلے بازی متاثر ہوسکتی ہے۔