محسن خان کی عدم موجودگی میں محمد الیاس چیف سلیکٹر مقرر

1 1,017

محسن حسن خان کی غیر موجودگی میں محمد الیاس پاکستان کرکٹ بورڈ میں چیف سلیکٹر کی ذمہ داریاں نبھائیں گے۔ محسن خان کو حال ہی میں سری لنکا کے خلاف سیریز کے لیے عبوری کوچ مقرر کیا گیا ہے اور اب کیونکہ وہ بھی ٹیم کے ہمراہ متحدہ عرب امارات جائیں گے اس لیے پاکستان کرکٹ بورڈ نے ایک اعلامیہ کے ذریعے محسن خان کی غیر موجودگی میں محمد الیاس کو ذمہ داریاں سونپنے کا اعلان کیا ہے۔

محمد الیاس اوپننگ بلے باز عمران فرحت کے سسر ہیں
محمد الیاس اوپننگ بلے باز عمران فرحت کے سسر ہیں

یہ وہی محمد الیاس ہیں جنہیں چند ماہ قبل پاکستان کرکٹ بورڈ نے ذرائع ابلاغ پر بیانات دینے کے باعث اظہار وجوہ کا نوٹس جاری کیا تھا اور بعد ازاں خلاف ورزی پر معطل کر دیا تھا۔ الیاس قومی کرکٹ ٹیم کے اُس وقت کے کپتان شاہد خان آفریدی کے ساتھ تنازع میں ملوث تھے کیونکہ شاہد نے اُن پر الزام لگایا تھا کہ وہ اپنے داماد عمران فرحت کی ٹیم میں شمولیت پر زور دیتے رہے ہیں۔ محمد الیاس پر اقربا پروری کے الزامات بہت پرانے ہیں لیکن اس کے باوجود وہ بورڈ میں اہم عہدوں پر رہے ہیں۔

پاکستان کرکٹ ٹیم سری لنکا کے خلاف طویل سیریز میں حصہ لینے کے لیے 15 اکتوبرکو متحدہ عرب امارات روانہ ہوگی جہاں تین ٹیسٹ، پانچ ایک روزہ اور ایک ٹی ٹوئنٹی کھیلے جائیں گے۔

پاکستان وقار یونس کے استعفے کے بعد اس وقت نئے کوچ کی تلاش میں ہے جس کے لیے کرکٹ بورڈ نے سہ رکنی کمیٹی بھی تشکیل دی ہے تاہم سری لنکا کے خلاف سیریز تک معاملات طے پانے کا وقت نہ ہونے کے باعث بورڈ نے عبوری طور پر محسن خان کو مقرر کیا ہے۔