یادگار اننگز: روی رامپال نے کئی ریکارڈز اپنے نام کر لیے

0 1,034

ویسٹ انڈیز کے گیند باز روی رامپال نے گزشتہ روز بھارت کے خلاف دوسرے ایک روزہ بین الاقوامی مقابلے میں بلے سے اپنی مہارت کا بھی ثبوت دیا اور کئی ریکارڈز اپنے نام کیے۔ تاہم وہ اپنی اس قابلیت پر بالکل حیران نہیں ہیں اور سمجھتے ہیں کہ ان میں بلے بازی کی اہلیت موجود ہے اور وہ نچلی سطح پر عمدہ کارکردگی کا مظاہرہ کر سکتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ میں نے صرف اپنا روایتی کھیل کھیلا اور یہ ایک ایسا دن تھا جس میں سب کچھ آپ کے حق میں ہو رہا ہوتا ہے۔

روی رامپال کی تاریخی اننگز ویسٹ انڈیز کو فتح تو نہ دلا سکی لیکن بطور آل راؤنڈر ان کی مستقبل کی نوید ضرور سنا گئی (تصویر: AFP)
روی رامپال کی تاریخی اننگز ویسٹ انڈیز کو فتح تو نہ دلا سکی لیکن بطور آل راؤنڈر ان کی مستقبل کی نوید ضرور سنا گئی (تصویر: AFP)

26 سالہ رامپال فرسٹ کلاس کیریئر تک میں صرف دو نصف سنچریاں بنائی ہیں اور ان کا زیادہ سے زیادہ اسکور 64 رنز رہا ہے لیکن وشاکھاپٹنم کے راج شیکھر ریڈی اسٹیڈیم میں انہوں نے محض 66 گیندوں پر 86 رنز کی شاندار اننگز کھیل کر نہ صرف حریف گیند بازوں اور تماشائیوں سے بھرے میدان کو حیرت میں ڈال دیا بلکہ کئی ریکارڈ بھی اپنے نام کیے۔ انہوں نے 10 ویں نمبر پر کھیلنے والے کسی بھی بلے باز کا سب سے طویل اننگز کھیلنے کا نیا ریکارڈ قائم کیا۔ اس سے قبل یہ ریکارڈ پاکستان کے محمد عامر کے پاس تھا جنہوں نے 2010ء میں نیوزی لینڈ کے خلاف 73 رنز بنائے تھے۔

رامپال نے اس اننگز میں 6 چھکے بھی لگائے جو 10 ویں نمبر پر بیٹنگ کرنے والے کسی بھی بلے باز کی جانب سے لگائی گئی سب سے بڑی چھکوں کی تعداد تھی۔

انہوں نے آخری بلے باز کیمارروچ کے ساتھ مل کر نویں وکٹ پر 99 رنز کی ناقابل شکست شراکت داری قائم کی، جو ایک روزہ کرکٹ کی تاریخ میں آخری وکٹ کی تیسری سب سے بڑی شراکت تھی۔ اس کے علاوہ یہ 10 ویں اور 11 ویں نمبر کے کھلاڑیوں کی قائم کردہ دوسری سب سے بڑی شراکت بھی تھی۔

کیمار روچ اور روی رامپال نے مجموعی طور پر 84 گیندوں کا سامنا کیا اور یہ کسی بھی ایک روزہ مقابلے میں سب سے زیادہ گیندوں کا سامنا کرنے والی دسویں وکٹ کی جوڑی کی فہرست میں چوتھے نمبر پر رہی۔ سب سے زیادہ گیندوں کا سامنا کرنے کا ریکارڈ بھارت کے اجے جدیجا اور جواگل سری ناتھ کے پاس ہے جنہوں نے 2000ء میں یہ ریکارڈ قائم کیا تھا۔

معلوم رہے کہ یہ روی رامپال کی کسی بھی بین الاقوامی مقابلے میں پہلی نصف سنچری تھی ۔ تاہم ان کی یہ شاندار کارکردگی بھی ویسٹ انڈیز کو بھارت کے خلاف فتح سے ہمکنار نہ کر سکی اور بالآخر میزبان ٹیم نے ویرات کوہلی اور روہیت شرما کی عمدہ بلے بازی کی بدولت مقابلہ 5 وکٹوں سے جیت لیا۔

http://www.youtube.com/watch?v=CPt9mKiPsmc