بالآخر بھارت جیت گیا، دوسرے ٹی ٹوئنٹی میں با آسانی کامیابی

0 1,078

دنیا کی مہنگی ترین لیگ ’انڈین پریمیئر لیگ‘ کی بولی کے آغاز سے صرف ایک روز قبل بھارتی کھلاڑیوں عرصہ دراز کے بعد بیرون ملک بہترین کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے آسٹریلیا کو دوسرے ٹی ٹوئنٹی میں با آسانی 8 وکٹوں سے شکست دے دی۔ یہ بیرون ملک مختلف طرز کی کرکٹ میں مسلسل 16 شکستوں کے بعد بھارت کی پہلی فتح ہے۔ آسٹریلیا کے جاری دورے میں چاروں ٹیسٹ میچز میں شکست سے قبل بھارت گزشتہ سال دورۂ انگلستان میں تمام ٹیسٹ مقابلوں میں شکست سے دوچار ہوا تھا اور ایک روزہ اور ٹی ٹوئنٹی مقابلوں میں بھی فتح سے محروم رہا تھا۔

رویندر جدیجا نے دو خوبصورت رن آؤٹ کر کے آسٹریلیا کو میچ سے باہر کر دیا (تصویر: Getty Images)
رویندر جدیجا نے دو خوبصورت رن آؤٹ کر کے آسٹریلیا کو میچ سے باہر کر دیا (تصویر: Getty Images)

ملبورن کے تاریخی اسٹیڈيم میں کھیلے گئے اس مقابلے کی سب سے خاص بات بھارتی فیلڈرز کی پھرتی تھی جنہوں نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کرنے والے آسٹریلیا کے چار بلے بازوں کو رن آؤٹ کیا۔ جن میں رویندر جدیجا کی جانب سے کیے گئے دو خوبصورت رن آؤٹ بھی شامل تھے۔ علاوہ ازیں بھارتی گیند بازوں کی نپی تلی باؤلنگ نے بھی آسٹریلیا کو کھل کر اسکور نہ کرنے دیا اور ان کے سب سے برق رفتار کھلاڑی ڈیوڈ وارنر اور کپتان جارج بیلے کو دہرے ہندسے میں بھی نہ پہنچنے دیا۔ گزشتہ میچ کے ہیرو میتھیو ویڈ بھی اس مرتبہ نہ چلے اور محض 32 رنز بنا پائے۔ آسٹریلیا پورے 20 اوورز کھیلنے میں بھی ناکام رہا اور آخری اوور کی چوتھی گیند پر پوری ٹیم 131 پر آؤٹ ہو کر پویلین پہنچ گئی۔

بھارت کو فتح کے لیے 132 رنز کا آسان ہدف ملا اور اس میں مزید آسانی اس وقت پیدا ہو گئی جب اوپنرز وریندر سہواگ اور گوتم گمبھر نے 43 رنز کی افتتاحی شراکت قائم کی۔ بھارت کو ہدف تک پہنچنے کے لیے صرف دو وکٹوں کا نقصان اٹھانا پڑا جن میں وریندر سہواگ 23 اور ویراٹ کوہلی 31 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے جبکہ گوتم گمبھیر 56 اور کپتان مہندر سنگھ دھونی 21 رنز پر ناٹ آؤٹ رہے۔

رویندر جدیجا کو شاندار فیلڈنگ اور ایک وکٹ حاصل کرنے پر میچ کا بہترین کھلاڑی قرار دیا گیا۔

دورۂ آسٹریلیا میں مسلسل شکستوں سے دامن بھرنے والی ہندوستانی ٹیم کو حوصلہ بلند کرنے والی ایک فتح مل چکی ہے۔ اب دیکھنا یہ ہے کہ کیا وہ اتوار سے شروع ہونے والے ایک روزہ سہ فریقی ٹورنامنٹ میں اس سلسلے کو برقرار رکھ پائے گی؟

اسکور کارڈ کچھ دیر میں ملاحظہ کریں