یووراج سنگھ سرطان میں مبتلا ہو گئے؛ بھارتی ذرائع ابلاغ

4 1,024

بھارتی ذرائع ابلاغ نے اتوار کو دنیا بھر کے کرکٹ شائقین کے لیے ایک افسوسناک خبر پیش کی ہے کہ جارح مزاج بلے باز یووراج سنگھ پھیپھڑوں کے سرطان (کینسر) میں مبتلا ہو گئے ہیں۔

یووراج سنگھ اس وقت امریکہ میں زیر علاج ہیں (تصویر: Getty Images)
یووراج سنگھ اس وقت امریکہ میں زیر علاج ہیں (تصویر: Getty Images)

عالمی کپ 2011ء میں بھارت کی فتح میں مرکزی کردار ادا کرنے والے آل راؤنڈر یووراج گزشتہ سال پھیپھڑوں میں انفیکشن کا شکار ہو گئے تھے جس کے باعث انہیں بھارت کے قومی دستے کے لیے منتخب نہیں کیا گیا تھا۔ ابھی گزشتہ ماہ کے آخر میں یووراج مزید علاج کے لیے امریکہ روانہ ہوئے تھے اور جہاں ان کے پھیپھڑوں اور دل کے درمیان میں ایک رسولی کی تشخیص ہوئی ہے اور اس وقت وہ سرطان کے علاج کے لیے کیموتھراپی کے عمل سے گزر رہے ہیں۔گو کہ یووراج سنگھ کی جانب سے اس امر کی کوئی تصدیق نہیں کی گئی لیکن گزشتہ روز ان کے جاری کردہ ایک بیان میں سائیکلنگ کے سابق عالمی چیمپئن لانس آرمسٹرانگ کا حوالہ اور ان کی آپ بیتی سے فیض حاصل کرنے کا بیان بھارتی ذرائع ابلاغ کی ان خبروں کی تصدیق کرتا دکھائی دیتا ہے کہ یووراج سنگھ سرطان کا شکار ہو گئے ہیں۔ لانس آرمسٹرانگ سرطان کے علاج کے بعد صحت یابی پا کر کئی مرتبہ ٹور ڈی فرانس سائیکلنگ ریس کے چیمپئن بنے تھے۔

گزشتہ سال اکتوبر میں پھیپھڑے کے انفیکشن کے بعد کہا جا رہا تھا کہ ان کے پھیپھڑے میں معمولی سی رسولی ہے جو سرطان کا باعث بن سکتا ہے تاہم وہ شدید نوعیت کی نہیں ہے۔ لیکن اب بھارتی اخبار ٹائمز آف انڈیا کے مطابق امریکہ میں تشخیص کے بعد ظاہر ہوا ہے ہے کہ اس رسولی نے شدت اختیار کر لی ہے۔

ادھر بھارت کے سرکاری خبر رساں ادارے پریس ٹرسٹ انٹرنیشنل نے یووراج کے معالج ڈاکٹر جتن چودھری کے حوالے سے بتایا ہے کہ یہ 100 فیصد قابل علاج ہے اور کیموتھراپی کے بعد مارچ کے مہینے کے بعد ان کی طبیعت بحال ہونا شروع ہو جائے گی۔ انہوں نے کہا کہ یہ ایک کمیاب رسولی ہے اور سرطان کا شکار ہو سکتی ہے۔ کیونکہ یہ بالکل ابتدائی مرحلے میں ہے اس لیے ہم نے کیموتھراپی کا فیصلہ کیا، جس کے لیے گزشتہ ہفتے یووراج امریکہ آئے۔ ٹائمز آف انڈیا کا کہنا ہے کہ یووراج اس وقت ڈاکٹروں سے رابطے میں ہیں اور اس رسولی کو نکالنے کے لیے جلد ہی ان کا آپریشن متوقع ہے۔

37 ٹیسٹ، 274 ایک روزہ اور 23 ٹی ٹوئنٹی بین القاوامی مقابلوں میں ملک کی نمائندگی کرنے والے یووراج سنگھ گزشتہ کئی سالوں سے بھارت کے دستے کا اہم حصہ ہیں اور ان کے کیریئر کا عروج عالمی کپ 2011ء تھا جہاں آل راؤنڈ کارکردگی کی بدولت نہ صرف انہیں ٹورنامنٹ کا بہترین کھلاڑی قرار دیا گیا بلکہ بھارت عالمی چیمپئن بھی بنا۔ وہ چھ گیندوں پر چھ چھکے لگانے کے کے عالمی ریکارڈ کے بھی حامل ہیں۔