کینیڈا پاکستان کا دورہ کرنے کا خواہشمند، پی سی بی کا خیرمقدم

0 1,094

پاکستان میں بین الاقوامی کرکٹ کی واپسی کے حوالے سے آج ایک خوش آئند خبر یہ سامنے آئی ہے کہ کرکٹ کینیڈا نے پاکستان کا دورہ کرنے کی خواہش کا باضابطہ اظہار کیا ہے اور اس سلسلے میں پاکستان کرکٹ بورڈ کو بذریعہ ای میل آگاہ کیا ہے۔ اس خبر کے ساتھ ہی پاکستان میں جلد بین الاقوامی کرکٹ کی واپسی کا امکان پیدا ہو گیا ہے۔

گزشتہ ماہ بنگلہ دیش کی جانب سے پہلے دورۂ پاکستان پر رضامندی، اور بعد ازاں ڈھاکہ کی عدالت عالیہ کے حکم امتناعی کے خلاف اپیل دائر نہ کر کے پاکستان کے ارادوں پر جس طرح پانی پھیرا، اس سے وطن عزیز میں شائقین کرکٹ کو شدید مایوسی ہوئی۔ اب جبکہ عدالت کا حکم امتناعی ختم ہونے میں چند روز رہ گئے ہیں، بنگلہ دیش کی دوبارہ آمد نہ ہی ممکن دکھائی دیتی ہے اور نہ ہی پاکستان دوبارہ اس کو دعوت دینے کا ارادہ رکھتا ہے۔ اس لیے پاکستان نے دیگر ملکوں سے اپنی اس خواہش کا اظہار کیا، تاہم آج کینیڈا کی جانب سے حیران کن طور پر جس خواہش کا اظہار کیا گیا ہے، وہ پاکستان اور پاکستانی شائقین کے لیے خوشگوار حیرت کا موجب ہے۔

کرکٹ کینیڈا اس عظیم کھیل کی قدیم ترین گورننگ باڈیز میں سے ایک ہے جو 1892ء میں ٹورنٹو میں قائم کی گئی تاہم بین الاقوامی کرکٹ میں کینیڈا اتنے اعلیٰ مقام پر آج تک نہیں پہنچ پایا، جس پر اس کے بعد آنے والی ٹیمیں فائز ہو گئیں۔ اس وقت وہ 1968ء سے انٹرنیشنل کرکٹ کونسل کا ایسوسی ایٹ رکن ہے اور ایک روزہ بین الاقوامی اور ٹی ٹوئنٹی بین الاقوامی میچز کھیلنے کا اختیار رکھتا ہے۔ کینیڈا نے 1979 ء اور اس کے بعد گزشتہ تینوں عالمی کپ یعنی 2003ء، 2007ء اور 2011ء کھیل رکھے ہیں اور حالیہ عالمی کپ میں انہوں نے متاثر کن کارکردگی کا مظاہرہ کیا۔

شائقین کرکٹ کو اچھی طرح یاد ہوگا کہ 90ء کی دہائی کے وسط میں چند سالوں تک پاکستان اور بھارت کے درمیان 5 ایک روزہ بین الاقوامی مقابلوں کی ایک سیریز سالانہ بنیادوں پر ٹورنٹو، کینیڈا میں کھیلی جاتی تھی جس نے کینیڈا میں کرکٹ کی مقبولیت میں بہت اہم کردار ادا کیا تھا۔

پاکستان کرکٹ بورڈ نے کرکٹ کینیڈا کے اس اعلان کا بھرپور خیرمقدم کیا ہے اور باضابطہ ایک اعلامیہ جاری کیا ہے جس میں کہا گیا ہے کہ پاکستان دونوں ممالک کے بورڈز کے درمیان تعلقات کو مضبوط کرنے کا خواہاں ہے اور یہ دیرپا تعلقات دونوں ملکوں کے مفاد میں ہیں۔ پاکستان اس تجویز کے امکانات پر غور کر رہا ہے اور ستمبر میں ورلڈ ٹی ٹوئنٹی کے بعد پاک-کینیڈا سیریز کے انعقاد کا ارادہ رکھتا ہے۔

پاکستان رواں ماہ کے آخر میں سری لنکا روانہ ہوگا جہاں وہ تین ٹیسٹ، پانچ ایک روزہ اور تین ٹی ٹوئنٹی کی طویل سیریز کھیلنے کے بعد آسٹریلیا کے خلاف محدود اوورز کی ایک سیریز کھیلے گا جس کے بعد وہیں پر سال کا اہم ترین ٹورنامنٹ ورلڈ ٹی ٹوئنٹی 2012ء منعقد ہوگا۔

اب دیکھنا یہ ہے کہ ستمبر کے بعد پاکستانی سرزمین پر پاک-کینیڈا سیریز منعقد ہو پائے گی یا مضبوط حریف سے پنجہ آزمائی کے لیے پاکستان کے تماشائیوں کو مزید انتظار کروایا جائے گا۔

واضح رہے کہ کینیڈا سے یہ پیغام اس وقت سامنے آیا ہے جب پاکستان نے ایک محدود اوور کا مقابلہ کھیلنے کے لیے 7 قومی کھلاڑیوں کو کینیڈا روانگی سے روک رکھا ہے۔ ان کھلاڑیوں نے 12 مئی کو کینیڈا میں ایک نمائشی مقابلہ کھیلنا تھا۔