براوو کی جگہ دیوندر بشو کی ویسٹ انڈین اسکواڈ میں شمولیت
ویسٹ انڈیز نے ڈیوائن براوو کے زخمی ہونے کے بعد ان کی جگہ گیانا سے تعلق رکھنے والے لیگ اسپنر دیوندر بشو کو طلب کر لیا ہے۔ بین الاقوامی کرکٹ کونسل کی ٹیکنیکل کمیٹی نے بشو کی ویسٹ انڈین اسکواڈ میں شمولیت کی منظوری دے دی ہے اور وہ 2 مارچ کو ڈھاکہ پہنچیں گے جہاں 4 مارچ کو ویسٹ انڈیز اہم میچ میں میزبان بنگلہ دیش کے مقابل ہوگا۔
براوو جنوبی افریقہ کے خلاف میچ کے دوران بائیں گھٹنے کی انجری کا شکار ہو گئے تھے جس کے باعث وہ اب عالمی کپ کے کسی میچ میں شرکت نہیں کر سکیں گے۔ 25 سالہ بشو عالمی کپ اسکواڈ کے اراکین کے زخمی ہونے کے باعث ٹیم میں بلائے گئے تیسرے کھلاڑی ہیں۔ ان سے قبل ایڈریان بارتھ اور کارلٹن با کے زخمی ہونے کے باعث ویسٹ انڈیز نے کرک ایڈورڈز اور ڈیوون تھامس کو ٹیم میں شامل کیا تھا۔
بشو 2010ء کے کیریبین ٹوئنٹی 20 میں ٹورنامنٹ کے بہترین کھلاڑی قرار دیے گئے تھے۔