سری لنکا نے کینیا کو زیر کرلیا

0 1,116

عالمی کپ کے 14 ویں میچ میں سری لنکا نے یک طرفہ مقابلے کے بعد کینیا کو مات دے کر 2003ء میں اپنی اپ سیٹ شکست کا بدلہ لے لیا۔ نیوزی لینڈ کے خلاف 69 پر ڈھیر ہو جانے والی کینیا کی ٹیم اس میچ میں بھی کوئی قابل ذکر اسکور کرنے میں ناکام رہی۔ پاکستان کے خلاف شکست کھانے والی سری لنکا کی ٹیم اپنے خفیہ ہتھیار باز لسیتھ ملنگا کے ساتھ میدان میں اتری جنہوں نے کینیا کے خلاف ہیٹ ٹرک کرتے ہوئے اپنی آمد کا دھماکے دار اعلان کیا۔

کولمبو کے پریماداسا اسٹیڈیم میں کینیا کے بڑا اسکور بنائے بغیر پویلین لوٹ جانے کے باعث سری لنکن بلے بازوں کو ہدف کے تعاقب میں کسی قسم کی مشکل پیش نہ آئی۔ سری لنکن بلے بازوں نے گزشتہ میچ کا تمام تر غصہ کینیا کے گیند بازوں پر اتار اور صرف 19 ویں اوور میں 146 رنز بنا کر 9 وکٹوں سے فتح حاصل کی۔ آؤٹ ہونے والے واحد کھلاڑی تلکرتنے دلشان تھے جنہوں نے 30 گیندوں پر 46 رنز بنائے۔ اوپنر اوپل تھرنگا نے 59 گیندوں پر 67 اور کپتان کمار سنگاکارا نے 24 گیندوں پر 27 رنز بٹور کر اپنی ٹیم کو فتح سے ہمکنار کیا۔

تباہ کن گیند بازی کرنے والے لسیتھ ملنگا داد وصول کررہے ہیں (اے ایف پی)

اس سے قبل کینین کپتان جمی کمانڈے نے گزشتہ میچ کی طرح ٹاس جیت کر پہلے بلے بازی کرنے فیصلہ کیا۔ تاہم سری لنکن گیند بازوں نے کینیا کی بلے بازی کے آغاز و انجام کو عبرت ناک بنا دیا۔ پہلی وکٹ 4 اور دوسری 8 کے مجموعی اسکور پر گری تو محسوس ہوتا تھا کہ کینیا اس بار کم ترین اسکور کا ریکارڈ قائم کرنے جارہا ہے۔ لیکن اس نازک موقع پر اوبویا برادران نے کینیا کی اننگ کو سہارا دیا۔ کولنز اوبویا اور ڈیوڈ اوبویا سری لنکن گیند بازوں کی بلند و بانگ اپیلوں اور خطرناک گیندوں سے بچتے بچاتے اسکور میں 94 رنز کا اضافہ کرنے میں کامیاب رہے۔ 102 کے مجموعی اسکور پر کولنز اوبویا کو ملنگا نے کلین بولڈ کر کے اس شراکت داری کا خاتمہ کردیا۔ کولنز اوبویا نے 4 چوکوں کی مدد سے 100 گیندوں پر 52 رنز بنائے۔

 

اس موقع پر اسٹیو ٹکولو ساتھی کھلاڑی کی مدد کو پہنچنے لیکن اینجلو میتھیوس ان کی راہ میں حائل ہوگئے۔ ٹکولو (7) کے بعد ڈیوڈ اوبویا بھی ہمت ہار بیٹھے اور مرلی دھرن کا شکار بنے۔ انہوں نے 3 چوکوں کی مدد سے 106 گیندوں پر 51 رنز بنائے۔ یکے بعد دیگرے مستند کھلاڑیوں کی رخصتی نے بعد میں آنے والے بلے بازوں پر زبردست دباؤ ڈالا کہ جسے وہ سہ نہ پائے۔ رہی سہی کسر لسیتھ ملنا کی تیز رفتار گیندوں نے پوری کردی۔ ملنگا نے اپنے پانچویں اوور میں تانمے مشرا (0) کو ایل بی ڈبلیو کر کے کینیا کی کمر توڑی اور پھر چھٹے اوور کی تین مسلسل گیندوں پر پیٹر اونگونڈو، شیم نگوشے، اور الیجاہ اوٹینو کی وکٹیں اکھاڑ کر اپنی ہیٹ ٹرک مکمل کی۔ یہ اوور کینیا کی اننگ کا آخری اوور ثابت ہوا جس میں کینیا کی پوری ٹیم 142 رنز پر ڈھیر ہوگئی۔

میچ کے بہترین کھلاڑی قرار پانے والے لسیتھ ملنگا نے مجموعی طور پر 6 کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا۔ جن میں سے 2 ایل بی ڈبلیو جبکہ 4 کھلاڑی کلین بولڈ ہوئے۔ دیگر سری لنکن گیند بازوں نوان کالوسکرا، اینجلو میتھیوس اور مرلی دھرن نے ایک ایک کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا۔ سری لنکا کی شاندار بالنگ کا اندازہ اس بات سے لگایا جاسکتا ہے کہ کینیا کے 8 کھلاڑی اپنے اسکور کو دوہرے ہندسے میں بھی داخل نہ کر سکے۔ کینیا کی آخری 8 وکٹیں صرف 40 رنز اضافہ سے گریں۔ سری لنکا کی گرنے والی واحد وکٹ الیجاہ اینٹینو کے حصہ میں آئی۔

لسیتھ ملنگا اس ہیٹ ٹرک کے بعد مسلسل دو عالمی کپ میں ہیٹ ٹرک کرنے والے دنیا کے پہلے بالر بن گئے ہیں۔ اس سے قبل انہوں نے عالمی کپ 2007ء میں جنوبی افریقہ کے خلاف مسلسل چار گیندوں پر چار وکٹیں حاصل کیں۔ عالمی کپ میں ہیٹ ٹرک مکمل کرنے والے دیگر گیند بازوں میں بھارت کے چیتن شرما، پاکستان کے ثقلین مشتاق، سری لنکا کے چمندا واس، آسٹریلیا کے بریٹ لی اور ویسٹ انڈیز کے کمار روچ شامل ہیں۔ کیمار روچ نے عالمی کپ 2011ء ہی میں نیدرلینڈ کے خلاف ہیٹ ٹرک کی۔

اس میچ میں فتح نے سری لنکا کو 2 قیمتی پوائنٹس سے نوازا ہے۔ پاکستان اور آسٹریلیا کے مساوی پوائنٹس کے باوجود سری لنکا گروپ اے میں رن ریٹ کے اعتبار سے پہلے نمبر پر آ چکا ہے۔ دوسری جانب کینیا کی مسلسل دوسری شکست نے ان کے اگلے راؤنڈ میں پہنچنے کے امکانات پر کاری ضرب لگائی ہے اور اب یہ اسی صورت ممکن ہے کہ کینیا اپنے آئندہ کے مقابلوں میں 2003ء عالمی کپ والی کارکردگی دہراتے ہوئے بڑے اپسیٹ کرے۔

سری لنکا کی ٹیم اپنا اگلا میچ 5 مارچ کو کولمبو مین دفاعی چیمپئن آسٹریلیا کے خلاف کھیلے گی جبکہ کینیا کی ٹیم دہلی میں 7 مارچ کو کینیڈا کے مدمقابل آئے گی۔