ایک روزہ درجہ بندی: پاکستان کے پاس چوتھی پوزیشن حاصل کرنے کا موقع
پاکستان اور سری لنکا کے درمیان ایک روزہ سیریز کا آغاز جمعرات سے ہو رہا ہے اور پانچ مقابلوں کا یہ سلسلہ عالمی درجہ بندی میں دونوں ٹیموں کے درمیان رسہ کشی کا بھی فیصلہ کرے گا۔
اس وقت ایک روزہ عالمی درجہ بندی میں پاکستان چھٹے جبکہ سری لنکا پانچویں نمبر پر موجود ہے اور بین الاقوامی کرکٹ کونسل کی جانب سے کرک نامہ کو موصول ہونے والے اعلامیہ کے مطابق اگر تمام پانچ مقابلے سری لنکا جیت جائے تو وہ 114 پوائنٹس کے ساتھ چوتھی پوزیشن پر قابض ہو جائے گا، چاہے انگلستان-ویسٹ انڈیز تین میچز کی سیریز کا نتیجہ کچھ بھی ہو۔
لیکن اگر سری لنکا 4-1 سے جیتے اور انگلستان ویسٹ انڈیز کو 3-0سے قابو کرے تو دونوں ٹیموں کے پوائنٹس کی تعداد 113 ہوگی اور اعشاریہ کے معمولی فرق سے انگلستان بدستور چوتھی پوزيشن پر ہی ہوگا۔
عین اسی طرح اگر پاکستان سیریز 4-1 سے جیت جائے تو وہ سری لنکا کو پچھاڑ کر پانچویں پوزیشن پر قابض ہو جائے گا۔ اس غیر معمولی فتح کے نتیجے میں پاکستان کے پوائنٹس سری لنکا کے ساتھ 108ہو جائیں گے لیکن وہ معمولی فرق سے سری لنکا کو پیچھے چھوڑ دے گا۔
انفرادی درجہ بندی میں سری لنکا کے تین اور پاکستان کا صرف ایک بلے باز سرفہرست 20 میں موجود ہے۔ کمار سنگاکارا پانچویں، تلکارتنے دلشان بارہویں اور کپتان مہیلا جے وردھنے 18 ویں نمبر پر ہیں جبکہ پاکستان کے عمر اکمل 10 ویں پوزیشن پر براجمان ہیں۔
دوسری جانب گیند بازوں میں سرفہرست 15 میں پاکستان کے تین باؤلر ہیں۔ سعید اجمل دوسرے، محمد حفیظ چوتھے اور شاہد آفریدی 15 ویں نمبر پر ہیں جبکہ سری لنکا کے سرفہرست باؤلر لاستھ مالنگا ہیں جو 22 ویں پوزیشن پر ہیں۔
پاک-سری لنکا سیریز کا آغاز 7 جون کو پالی کیلے میں پہلے ایک روزہ میچ سے ہوگا جہاں 9 جون کو دوسرا مقابلہ بھی کھیلا جائے گا۔ بقیہ تینوں مقابلے 18 جون تک کولمبو میں کھیلے جائیں گے۔