آسٹریلیا افغانستان کے خلاف ایک میچ کھیلے گا: کرکٹ آسٹریلیا

0 1,176

افغانستان نے چند ماہ قبل پاکستان کے خلاف شارجہ میں ایک تاریخی ون ڈے مقابلہ کھیلا تھا جو بین الاقوامی کرکٹ کونسل کے کسی بھی رکن کے خلاف افغان کرکٹ ٹیم کا پہلا ایک روزہ مقابلہ تھا۔ پاکستان کے بعد اب آسٹریلیا بھی افغانستان کو بین الاقوامی کرکٹ میں مزید آگے بڑھانے کے لیے میں ایک قدم اٹھائے گا اور پاکستان کے خلاف محدود اوورز کی سیریز سے قبل افغانستان کے خلاف ایک مقابلہ کھیلے گا۔

رواں سال فروری میں پاکستان کے خلاف پہلے تاریخی ایک روزہ میں افغانستان نے اپنی کارکردگی سے شائقین کے دل موہ لیے تھے (تصویر: AFP)
رواں سال فروری میں پاکستان کے خلاف پہلے تاریخی ایک روزہ میں افغانستان نے اپنی کارکردگی سے شائقین کے دل موہ لیے تھے (تصویر: AFP)

گو کہ پاک-آسٹریلیا سیریز کی تفصیلات کا باضابطہ اعلان ابھی باقی ہے کہ ٹیمیں کتنے ون ڈے یا ٹی ٹوئنٹی کھیلیں گی اور یہ مقابلے کہاں کھیلے جائیں گے؟، لیکن اس سے قبل ہی کرکٹ آسٹریلیا نے تصدیق کر دی ہے کہ وہ افغانستان کے خلاف ایک میچ کھیلے گا جو ممکنہ طور پر ایک روزہ مقابلہ ہوگا۔ یوں آسٹریلیا-افغانستان تاریخی مقابلہ پاکستان کے خلاف سیریز کے لیے وارم اپ میچ کی حیثیت اختیار کرلے گا۔

آسٹریلیا کا یہ قدم افغانستان میں کرکٹ کی ترقی میں مدد کے لیے اہم ثابت ہوگا۔یہ کسی بھی مکمل رکن کے خلاف افغانستان کا دوسرا ایک روزہ بین الاقوامی مقابلہ ہوگا۔

کرکٹ آسٹریلیا کے چیف ایگزیکٹو جیمز سدرلینڈ نے کہا کہ سخت مشکلات و مصائب کے باوجود افغانستان کرکٹ کے پھلنے پھولنے سے پوری دنیا واقف ہے۔ آئی سی سی کے رکن کی حیثیت سے ہم کرکٹ کو ایک عالمی کھیل بنانے کی کوششوں کے حامی ہیں اور میدان میں افغانستان کے ساتھ کھیل کر اُن کی اہمیت کو تسلیم اور ان کی پیشرفت کی حوصلہ افزائی کریں گے۔

افغانستان اور آسٹریلیا کے درمیان اس تاریخی میچ کے مقام اور دن کی تصدیق نہیں کی گئی ہے یہاں تک کہ پاک-آسٹریلیا سیریز کا متفقہ شیڈول نہ جاری ہو جائے۔

افغانستان رواں سال ستمبر میں ہونے والے ورلڈ ٹی ٹوئنٹی میں شریک ہوگا جہاں اسے بھارت اور انگلستان کے بہت مشکل گروپ کا سامنا ہوگا۔ وہ اس سے قبل 2010ء کا ورلڈ ٹی ٹوئنٹی بھی کھیل چکے ہیں۔