کرس گیل سری لنکا پریمیئر لیگ سے باہر
ویسٹ انڈیز کے شعلہ فشاں بلے باز کرس گیل سری لنکا پریمیئر لیگ کے افتتاحی سیزن سے باہر ہو گئے ہیں۔ یوں لیگ اپنے افتتاحی سیزن میں ہی اہم ترین کھلاڑی سے محروم ہو گئی ہے۔
کرس گیل رواں سال فروری میں بنگلہ دیش پریمیئر لیگ کے دوران گروئن انجری کا شکار ہو گئے تھے لیکن اس کی شدت اتنی زیادہ نہیں تھی لیکن میں نیوزی لینڈ کے خلاف کھیلے گئے حالیہ ٹیسٹ میں وہ مزید شدت پکڑ گئی اور انہیں سری لنکا پریمیئر لیگ سے اپنی دستبرداری کا اعلان کرنا پڑا ہے۔ گیل یووا نیکسٹ کی جانب سے کھیلتے جس نے کرس کی عدم موجودگی کو ایک بہت بڑا دھچکا قرار دیا ہے۔ گیل نے یووا کے ساتھ تین سالہ معاہدہ کر رکھا ہے اور وہ رواں سال کے ساتھ 2013ء اور 2014ء میں بھی سری لنکا لیگ کھیلیں گے۔
یووا کے دیگر اہم کھلاڑیوں میں مقامی اوپل تھارنگا اور دلہارا فرنینڈو اور پاکستان کے عمر گل، شعیب ملک اور حماد اعظم شامل ہیں۔ البتہ گیل کے علاوہ اور پاکستان کے عبد الرحمن کے اچانک عدم دستیابی کے اعلان نے بھی انہیں پریشان کر دیا ہے۔ فوری طور پر عبد الرحمن کی جگہ فواد عالم کو طلب کر لیا گیا ہے جبکہ گیل کی جگہ شیونرائن چندرپال سے پر کی گئی ہے۔
سری لنکا پریمیئر لیگ کی 7 فرنچائزز نے مجموعی طور پر 56 غیر ملکی کھلاڑیوں سے معاہدہ کیا ہے جو 11 اگست بروز ہفتہ شروع ہونے والی تین ہفتوں پر مشتمل لیگ میں مختلف ٹیموں کی نمائندگی کریں گے۔ ہر ٹیم کو مقابلوں میں زیادہ سے زیادہ چار غیر ملکی کھلاڑی کھلانے کی اجازت ہوگی۔ لیگ کا اختتام 31 اگست کو فائنل کے ساتھ ہوگا۔