آئی سی سی ایوارڈز 2012ء کے نامزدگان کا اعلان، سعید اجمل بھی شامل
دنیائے کرکٹ کے بہترین اسپنر سعید اجمل بین الاقوامی کرکٹ کونسل کے ”آئی سی سی ایوارڈز 2012ء“ میں تین زمروں میں نامزد ہوئے ہیں جبکہ جنوبی افریقہ کے ہاشم آملہ، آسٹریلیا کے کپتان مائیکل کلارک، سری لنکا کے کمار سنگاکارا اور انگلستان کے ایلسٹر کک سال کے بہترین کھلاڑی میں پاکستانی اسپنر کے مدمقابل ہوں گے۔
سوموار کو آئی سی سی کی جانب سے کرک نامہ کو موصول ہونے والے اعلامیہ کے مطابق یہ تمام کھلاڑی سال کے بہترین کھلاڑی کے ایوارڈ سر گارفیلڈ سوبرز کے لیے نامزد کیے گئے ہیں۔ ان پانچ مرد کھلاڑیوں کے علاوہ ویسٹ انڈیز کی خاتون اسٹیفنی ٹیلر بھی اس اعزاز کی امیدوار ہیں اور یوں سال کے بہترین کھلاڑی کے لیے نامزد ہونے والی پہلی خاتون کرکٹر بن گئی ہیں۔ بین الاقوامی کرکٹ کونسل نے اس کے علاوہ سال کے بہترین ٹیسٹ اور ایک روزہ کھلاڑی کے لیے بھی طویل فہرستیں جاری کی ہیں۔
آئی سی سی ایوارڈز کی تقریب ورلڈ ٹی ٹوئنٹی 2012ء کے آغاز سے قبل 15 ستمبر کو کولمبو میں منعقد ہوگی جس میں 11 انفرادی انعامات کے علاوہ سال کی ٹیسٹ اور ایک روزہ ٹیموں کا اعلان بھی کیا جائے گا۔ علاوہ ازیں مسلسل تیسرے سال عوام کے پسندیدہ کھلاڑی کے لیے پیپلز چوائس ایوارڈ بھی رکھا گیا ہے۔ یہ اعزاز پانچ نامزد کھلاڑیوں میں سے اُس کو دیا جائے گا جسے عوام کی بڑی تعداد آن لائن ووٹ کرے گی۔ یہ پانچ کھلاڑی کمار سنگاکارا، سچن تنڈولکر، ویرنن فلینڈر، ژاک کیلس اور جیمز اینڈرسن ہیں جنہیں آئی سی سی کے سلیکشن پینل نے منتخب کیا تھا اور رواں ماہ کے اوائل سے اُن کے حق میں ووٹنگ جاری ہے۔ کرکٹ شائقین فیس بک پر آئی سی سی کے صفحے پر 31 اگست تک اپنے پسندیدہ کھلاڑی کو ووٹ دے سکتے ہیں۔
ایوارڈز کے لیے نامزد طویل فہرست میں آئی سی سی کے پانچ رکنی سلیکشن پینل نے مرتب کی ہیں جن کی قیادت ویسٹ انڈیز کے سابق کپتان اور آئی سی سی کرکٹ کمیٹی کے موجودہ چیئرمین کلائیو لائیڈ کر رہے ہیں۔ پینل میں سابق بین الاقوامی کھلاڑی انگلستان کی کلیئر کونر، آسٹریلیا کے ٹام موڈی، ویسٹ انڈیز کے کارل ہوپر اور سری لنکا کے مارون اتاپتو شامل ہیں۔
رواں سال بھی بہترین ٹی ٹوئنٹی کارکردگی کے لیے اس سال 11 کھلاڑیوں کو نامزد کیا گیا ہے جن میں انگلستان، ویسٹ انڈیز، جنوبی افریقہ، نیوزی لینڈ، سری لنکا اور پاکستان کے کھلاڑی شامل ہیں۔
اسپرٹ آف کرکٹ ایوارڈ کی طویل فہرست آئی سی سی کے امپائروں اور ریفریز کے ایلیٹ پینل نے مرتب کی ہے جبکہ یہ اعزاز ان امپائروں اور ریفریز کے علاوہ 10 مکمل رکن ممالک کے کپتانوں کی ووٹوں کی بنیاد پر دیا جائے گا۔ رواں سال اس اعزاز کے نامزدگان میں جنوبی افریقہ کے ژاک کیلس اور ابراہم ڈی ولیئرز، پاکستان کے محمد حفیظ، ویسٹ انڈیز کے کیرون پولارڈ اور نیوزی لینڈ کے ڈینیل ویٹوری شامل ہیں۔
دوسری جانب سال کے بہترین امپائر کے لیے ڈیوڈ شیفرڈ ٹرافی بھی ہوگی جو دنیا بھر کے کپتانوں اور میچ ریفریز کے ووٹوں اور امپائروں کی کارکردگی کی بنیاد پر جیتنے والے فرد کو دی جائے گی۔
علاوہ ازیں رواں سال سال کے بہترین ابھرتے ہوئے کرکٹر کے لیے بھی ایک اعزاز بھی ہوگا۔ اس اعزاز کے لیے 26 سال سے کم عمر ہونا اور پانچ ٹیسٹ اور/یا 10 ایک روزہ یا 5 ٹی ٹوئنٹی سے کم مقابلے کھیلنا شرط ہے۔
یہ مجموعی طور پر نویں آئی سی سی ایوارڈز ہوں گے جو کولمبو، سری لنکا میں منعقد ہوں گے۔ پہلی بار 2004ء میں لندن میں ہونے والے یہ اعزازات 2005ء میں سڈنی، 2006ء میں ممبئی، 2007ء میں جوہانسبرگ، 2008ء میں دبئی، 2009ء میں جوہانسبرگ، 2010ء میں بنگلور اور 2011ء میں لندن میں منعقد ہوئے۔
آئی سی سی ایوارڈز 2012ء نامزدگان
سال کا بہترین کرکٹر (سر گارفیلڈ سوبرز ٹرافی)
سعید اجمل | |
ہاشم آملہ | |
اسٹورٹ براڈ | |
مائیکل کلارک | |
ایلسٹر کک | |
ویراٹ کوہلی | |
ویرنن فلینڈر | |
کمار سنگاکارا | |
اسٹیفنی ٹیلر |
سال کا بہترین ٹیسٹ کرکٹر
سعید اجمل | |
ہاشم آملہ | |
اسٹورٹ براڈ | |
شیونرائن چندرپال | |
مائیکل کلارک | |
ایلسٹر کک | |
ژاک کیلس | |
ویرنن فلینڈر | |
میٹ پرائیر | |
مارلون سیموئلز | |
کمار سنگاکارا | |
ڈیل اسٹین | |
ابراہم ڈی ولیئرز |
سال کے بہترین مرد ون ڈے کھلاڑی
شاہد آفریدی | |
سعید اجمل | |
مائیکل کلارک | |
ایلسٹر کک | |
مہندر سنگھ دھونی | |
اسٹیون فن | |
گوتم گمبھیر | |
شکیب الحسن | |
ویراٹ کوہلی | |
لاستھ مالنگا | |
برینڈن میک کولم | |
مورنے مورکل | |
سنیل نرائن | |
کمار سنگاکارا | |
برینڈن ٹیلر | |
شین واٹسن |
سال کی بہترین خاتون ون ڈے کھلاڑی
جیس کیمرون | |
شینل ڈیلے | |
لیڈیا گرینوے | |
انیسہ محمد | |
مٹھالی راج | |
سارہ ٹیلر | |
اسٹیفنی ٹیلر |
سال کی بہترین خاتون ٹی ٹوئنٹی کھلاڑی
جیس کیمرون | |
شینل ڈیلے | |
الیسا ہیلی | |
انیسہ محمد | |
مٹھالی راج | |
لیزا ستھالیکر | |
سارہ ٹیلر | |
اسٹیفنی ٹیلر |
سال کا بہترین ابھرتا ہوا کھلاڑی
ٹرینٹ بولٹ | |
ڈوگ بریسویل | |
دنیش چندیمال | |
پیٹ کمنز | |
ناصر حسین | |
جنید خان | |
ناتھن لیون | |
ٹینو ماوویو | |
سنیل نرائن | |
جیمز پیٹن سن | |
لاہیرو تھریمانے | |
میتھیو ویڈ |
سال کا بہترین ایسوسی ایٹ اور ایفیلیٹ کھلاڑی
شامین انور | |
پیٹر بورن | |
جارج ڈوکریل | |
ٹرینٹ جانسٹن | |
ایڈ جوائس | |
جان مونی | |
کیون اوبرائن | |
ہیرل پٹیل | |
پال اسٹرلنگ | |
دولت زدران |
سال کی بہترین ٹی ٹوئنٹی کارکردگی
روی بوپارا | 3.4-0-10-4 | بمقابلہ ویسٹ انڈیز | اوول | 23 ستمبر 2011ء | |
تلکارتنے دلشان | 104* | بمقابلہ آسٹریلیا | پالی کیلے | 6 اگست 2011ء | |
کرس گیل | 85* | بمقابلہ نیوزی لینڈ | لاڈرہل | 30 جون 2012ء | |
مارٹن گپٹل | 91* | بمقابلہ زمبابوے | آکلینڈ | 11 فروری 2012ء | |
محمد حفیظ | 2.2-0-10-4 | بمقابلہ زمبابوے | ہرارے | 16 ستمبر 2011ء | |
ایلکس ہیلز | 99 | بمقابلہ ویسٹ انڈیز | ناٹنگھم | 24 جون 2012ء | |
رچرڈ لیوی | 117* | بمقابلہ نیوزی لینڈ | آکلینڈ | 22 فروری 2012ء | |
برینڈن میک کولم | 81* | بمقابلہ زمبابوے | ہرارے | 15 اکتوبر 2011ء | |
اجنتھا مینڈس | 4-1-16-6 | بمقابلہ آسٹریلیا | پالی کیلے | 8 اگست 2011ء | |
سنیل نرائن | 4-0-12-4 | بمقابلہ نیوزی لینڈ | لاڈرہل | یکم جولائی 2012ء | |
الیاس سنی | 4-1-13-5 | بمقابلہ آئرلینڈ | بیلفاسٹ | 18 جولائی 2012ء |
اسپرٹ آف کرکٹ ایوارڈ
محمد حفیظ | |
ژاک کیلس | |
کیرون پولارڈ | |
ڈینیل ویٹوری | |
ابراہم ڈی ولیئرز |
سال کے بہترین امپائر (ڈیوڈ شیفرڈ ٹرافی)
بلی باؤڈن |
علیم ڈار |
اسٹیو ڈيوس |
کمار دھرماسینا |
بلی ڈاکٹروو |
میریس ایرسمس |
این گولڈ |
ٹونی ہل |
رچرڈ کیٹل بورو |
نائجل لونگ |
اسد رؤف |
سائمن ٹوفل |
روڈ ٹکر |
پیپلز چوائس ایوارڈ
جیمز اینڈرسن | |
ژاک کیلس | |
ویرنن فلینڈر | |
کمار سنگاکارا | |
سچن تنڈولکر |