چیمپئنز ٹرافی 2013ء کی تقریب رونمائی

2 1,013

بین الاقوامی کرکٹ کونسل نے چیمپئنز ٹرافی 2013ء کا باضابطہ اعلان کر دیا جو اگلے سال جون میں انگلستان میں آخری بار کھیلی جائے گی۔ آئی سی سی کے اعلان کے مطابق اس کے ٹکٹ رواں سال 5 نومبر سے ویب سائٹ پر دستیاب ہوں گے۔

منعقدہ خصوصی تقریب میں انگلستان کے ون ڈے کپتان ایلسٹر کک چیمپئنز ٹرافی کے ہمراہ (تصویر: ICC)
منعقدہ خصوصی تقریب میں انگلستان کے ون ڈے کپتان ایلسٹر کک چیمپئنز ٹرافی کے ہمراہ (تصویر: ICC)

کرک نامہ کو موصول ہونے والے آئی سی سی اعلامیہ کے مطابق ایک روزہ درجہ بندی کے مطابق آٹھ بہترین ٹیمیں اس ٹورنامنٹ میں شرکت کریں گی جو 6 سے 23 جون 2013ء تک انگلستان کے تین میدانوں میں کھیلا جائے گا۔ شرف میزبانی کارڈف کے ویلز اسٹیڈیم، لندن کے تاریخی اوول اور برمنگھم کے ایجبسٹن کو حاصل ہوگا۔

افتتاحی مقابلے میں 6 جون کو بھارت کا سامنا جنوبی افریقہ سے ہوگا جبکہ فائنل 23 جون بروز اتوار برمنگھم میں کھیلا جائے گا۔ ٹورنامنٹ کے لیے آٹھ ٹیموں کو چار، چار کے دو گروپوں میں تقسیم کیا گیا ہے اور اس میں سے سرفہرست دو ٹیمیں سیمی فائنل تک رسائی حاصل کریں گی۔

چیمپئنز ٹرافی 2013ء کی رونمائی کی باضابطہ تقریب وسطی لندن میں آج منعقد ہوئی جس میں انگلستان کے کپتان ایلسٹر کک، آئی سی سی کے چیف ایگزیکٹو ڈیوڈ رچرڈسن اور ٹورنامنٹ ڈائریکٹر اسٹیو ایلورتھی نے شرکت کی۔

پاکستان کی ٹیم گروپ 'بی' میں ہوگی جس میں جنوبی افریقہ اور ویسٹ انڈیز کے خلاف روایتی حریف بھارت بھی شامل ہے اور دونوں ممالک 15 جون کو برمنگھم میں آمنے سامنے ہوں گے جو بلاشبہ ٹورنامنٹ کا سب سے بڑا مقابلہ ہوگا۔

بین الاقوامی کرکٹ کونسل نے رواں سال فیصلہ کیا تھا کہ ہر طرز کی کرکٹ میں صرف ایک بڑا ٹورنامنٹ کھیلا جائے گا اور اب ٹیسٹ چیمپئن شپ کروانے کے ارادے کے پیش نظر 2013ء کے بعد چیمپئنز ٹرافی کا سلسلہ ختم کر دیا گیا۔

آئی سی سی چیمپئنز ٹرافی آخری مرتبہ 2009ء میں جنوبی افریقہ میں منعقد ہوئی تھی، گو کہ اصل شیڈول کے مطابق اسے پاکستان میں منعقد ہونا تھا لیکن امن و امان کی خراب صورتحال کے باعث اسے آخری لمحات میں جنوبی افریقہ منتقل کر دیا گیا۔ جہاں سیمی فائنل میں پاکستان کو زیر کرنے والے نیوزی لینڈ کو فائنل میں آسٹریلیا کے ہاتھوں شکست ہوئی۔ یوں دفاعی چیمپئن آسٹریلیا نے مسلسل دوسری مرتبہ ایک روزہ کرکٹ کا یہ دوسرا سب سے بڑا اعزاز اپنے نام کیا۔

چیمپئنز ٹرافی پہلی بار 1998ء میں ایک ناک آؤٹ ٹورنامنٹ کی صورت ميں منعقد ہوئی، جس کے بعد سے اسے عالمی کپ کے بعد آئی سی سی کے دوسرے سب سے بڑے ٹورنامنٹ کی حیثیت حاصل ہوئی۔ یہ ٹورنامنٹ اب تک ہر دو سال بعد منعقد ہوتا آ رہا ہے اور اگلے سال آخری مرتبہ دنیائے کرکٹ کی سرفہرست 8 ٹیمیں ایک ون ڈے ٹورنامنٹ میں آمنے سامنے ہوں گی۔

1998ء میں کھیلی گئی پہلی چیمپئنز ٹرافی جنوبی افریقہ کے نام رہی تھی جبکہ دوسری ٹرافی کا فاتح نیوزی لینڈ بنا۔ سال 2002ء میں اس ٹورنامنٹ کا فائنل مقابلہ دو کوششوں کے باوجود نتیجہ خیز نہ ثابت ہوسکا جس پر بھارت اور سری لنکا کو مشترکہ فاتح قرار دیا گیا۔ سال 2004ء کی چیمپئنز ٹرافی ویسٹ انڈیز کے نام رہی۔ اب تک کھیلی گئی 6 چیمپئنز ٹرافیز میں آسٹریلیا کی ٹیم مسلسل 2 بار 2006ء اور 2009ء میں اس اعزاز کو حاصل کرنے میں کامیاب ہوچکی ہے۔

آئی سی سی چیمپئنز ٹرافی 2013ء کا مکمل شیڈول

تاریخ بمقام
6 جون 2013ء بھارت بمقابلہ جنوبی افریقہ کارڈف
7 جون 2013ء ویسٹ انڈیز بمقابلہ پاکستان اوول
8 جون 2013ء انگلستان بمقابلہ آسٹریلیا ایجبسٹن، برمنگھم
9 جون 2013ء سری لنکا بمقابلہ نیوزی لینڈ کارڈف
10 جون 2013ء پاکستان بمقابلہ جنوبی افریقہ ایجبسٹن، برمنگھم
11 جون 2013ء بھارت بمقابلہ ویسٹ انڈیز اوول
12 جون 2013ء آسٹریلیا بمقابلہ نیوزی لینڈ ایجبسٹن، برمنگھم
13 جون 2013ء انگلستان بمقابلہ سری لنکا اوول
14 جون 2013ء ویسٹ انڈیز بمقابلہ جنوبی افریقہ کارڈف
15 جون 2013ء بھارت بمقابلہ پاکستان ایجبسٹن، برمنگھم
16 جون 2013ء انگلستان بمقابلہ نیوزی لینڈ کارڈف
17 جون 2013ء سری لنکا بمقابلہ آسٹریلیا اوول
19 جون 2013ء پہلا سیمی فائنل اوول
20 جون 2013ء دوسرا سیمی فائنل کارڈف
23 جون 2013ء فائنل ایجبسٹن، برمنگھم