[آج کا دن] پہلا ٹیسٹ، 16 وکٹیں

1 1,029

19 سالہ نوجوان اپنے پہلے ٹیسٹ کے لیے میدان میں اترے تو اس سے کس شاندار کارکردگی کی توقع کی جا سکتی ہے؟ کم از کم ویسی تو نہیں جیسی کہ آج سے ٹھیک 25 سال قبل 1988ء میں نریندر ہروانی نے ویسٹ انڈیز کے خلاف مدراس ٹیسٹ میں دکھائی تھی یعنی 'کالی آندھی' کی 16 وکٹیں! نریندر نے میچ کی دونوں اننگز میں 8،8 وکٹیں حاصل کیں اور 1972ء میں آسٹریلیا کے باب میسی کا قائم کردہ ڈیبیو پر بہترین باؤلنگ کا ریکارڈ توڑ ڈالا۔ میچ میں نریندر ہروانی 136 رنز دے کر 16 ویں حاصل کیں۔ نتیجہ؟ بھارت عظیم ویسٹ انڈیز کے خلاف 255 رنز کی شاندار جیت حاصل کرنے میں کامیاب رہا۔

نریندر نے پہلی اننگز میں 61 رنز دے کر 8 وکٹیں حاصل جبکہ دوسری اننگز میں 75 رنز کے عوض انہیں دوبارہ اتنی ہی وکٹیں ملیں۔ لیکن بدقسمتی سے اولین ٹیسٹ میں کارہائے نمایاں انجام دینے والے دیگر باؤلرز کی طرح اُن کا کیریئر بھی طویل ثابت نہ ہو سکا۔ وہ اس ٹیسٹ کے بعد کل 17مقابلوں میں ہی بھارت کی نمائندگی کر پائے اور صرف 66 وکٹیں حاصل کیں یعنی ابتدائی ٹیسٹ میں 16 اور اگلے 16 مقابلوں میں 50 وکٹیں۔

آپ فہرست پر نظر دوڑا لیں، آپ کو جابجا نظر آئے گا کہ اولین ٹیسٹ مقابلے میں ریکارڈ توڑ کارکردگی دکھانے والے بیشتر کھلاڑی زیادہ عرصہ نہ چل پائے، خصوصاً ہم پاکستان کے محمد زاہد کا ذکر کرنا چاہیں گے جنہیں کئی ماہرین نے اپنے وقت کا تیز ترین باؤلر قرار دیا لیکن ان کا کیریئر انجری کے باعث محض 5 ٹیسٹ اور 11 ایک روزہ مقابلوں تک ہی محدود رہا۔

بہرحال، ہم ذکر کر رہے تھے نریندر ہروانی کی تاریخی کارکردگی کا، جس میں انہوں نے خود تو ریکارڈ قائم کیا ہی لیکن ساتھ ساتھ وکٹوں کے پیچھے موجود کیپر کرن مورے کو بھی ایک شاندار ریکارڈ قائم کرنے کا موقع دیا یعنی ایک میچ اور اننگز دونوں میں سب سے زیادہ بلے بازوں کو اسٹمپ کرنے کا ریکارڈ۔ کرن مورے نے ویسٹ انڈیز کی دوسری اننگز کے دوران ویسٹ انڈیز کے پانچ کھلاڑیوں کو اسٹمپ کیا، جو ایک عالمی ریکارڈ ہے جبکہ پہلی اننگز کا ایک اسٹمپ ملا کر کل تعداد 6 بنتی ہے۔ یہ بھی ایک ریکارڈ ہے جوآج تک کرن مورے کے نام ہے۔

ٹیسٹ کیریئر کے پہلے ہی مقابلے میں 10 یا زائد وکٹیں حاصل کرنے والے گیند باز

نام ملک تاریخ بمقابلہ بمقام دیے گئے رنز حاصل کردہ وکٹیں
نریندر ہروانی بھارت جنوری 1988ء ویسٹ انڈیز مدراس (موجودہ چنئی) 136 16
باب میسی آسٹریلیا جون 1972ء انگلستان لارڈز، لندن 137 16
فریڈ مارٹن انگلستان اگست 1890ء آسٹریلیا اوول، لندن 102 12
جیسن کریزا آسٹریلیا نومبر 2008ء بھارت ناگ پور 358 12
کلیری گریمٹ آسٹریلیا فروری-مارچ 1925ء انگلستان سڈنی 82 11
چارلس میریٹ انگلستان اگست 1933ء ویسٹ انڈیز اوول، لندن 96 11
الفریڈ ہال جنوبی افریقہ جنوری 1923ء انگلستان کیپ ٹاؤن 112 11
محمد زاہد پاکستان نومبر-دسمبر 1996ء نیوزی لینڈ راولپنڈی 130 11
ایلک بیڈسر انگلستان جون 1946ء بھارت لارڈز، لندن 145 11
سڈنی برک جنوبی افریقہ جنوری 1962ء نیوزی لینڈ کیپ ٹاؤن 196 11
الفریڈ ویلنٹائن ویسٹ انڈیز جون 1950ء ویسٹ انڈیز مانچسٹر 204 11
جان لیور انگلستان دسمبر 1976ء بھارت دہلی 70 10
ہائنز جانسن ویسٹ انڈیز مارچ-اپریل 1948ء انگلستان کنگسٹن، جمیکا 96 10
ٹام رچرڈسن انگلستان اگست 1893ء آسٹریلیا مانچسٹر 156 10
کین فارنس انگلستان جون 1934ء آسٹریلیا ناٹنگھم 179 10