قومی ذمہ داریاں اہم ہیں، مصباح نے وارسسٹرشائر کاؤنٹی کی پیشکش ٹھکرا دی
اس عہد میں کہ جب ذرا سی ڈھلتی عمر کے ساتھ کھلاڑی قومی ذمہ داریوں کو خیرباد کہہ کر کھمبیوں کی طرح اگتی ہوئی لیگز کا حصہ بن رہے ہیں، پاکستان کے 38 سالہ ٹیسٹ کپتان مصباح الحق نے انگلش کاؤنٹی وارسسٹرشائر کی نفع بخش پیشکش کو یہ کہہ کر ٹھکرا دیا کہ ان کی قومی ذمہ داریاں زیادہ اہم ہیں۔
وارسسٹرشائر گزشتہ سال کاؤنٹی چیمپئن شپ کے ڈویژن ٹو میں تنزلی کا شکار ہوا تھا اور اب اک ایسے تجربہ کار بلے باز کی خدمات حاصل کرنا چاہتا تھا جو انہیں ایک مرتبہ پھر سرفہرست ڈویژن میں پہنچا دے۔ اس مقصد کے لیے کاؤنٹی نے مصباح الحق کو دو سالہ معاہدے کی پیشکش کی جس کے بارے میں مصباح کا کہنا ہے کہ وارسسٹرشائر مجھے دو سال کا معاہدہ پیش کر رہی تھی اور اس میں ممکنہ طور پر ایک سال کی توسیع بھی شامل تھی، جو میرے لیے یہ کافی نفع بخش سودا تھا لیکن یہ قومی کرکٹ ٹیم کے لیے میری مصروفیات سے متصادم تھی۔ گو کہ کاؤنٹی کرکٹ کھیلنا بہت زبردست تجربہ ہے لیکن میں سمجھتا ہوں کہ پاکستان کے لیے میرا کردار کلیدی نوعیت کا ہے اور میں ٹیم سے وابستہ ہوں۔
یوں قومی ذمہ داری کو احسن طریقے سے انجام دینے کے لیے مصباح نے کاؤنٹی سیزن کھیلنے سے انکار کر دیا۔
وارسسٹرشائر کاؤنٹی گزشتہ سیزن میں آسٹریلوی بلے باز فل ہیوز کی خدمات رکھتی تھی لیکن وہ اگلے سیزن کے لیے دستیاب نہیں ہوں گے۔ پاکستانی کپتان کےحصول میں ناکامی کے بعد بالآخر وارسسٹر شائر نے سری لنکا کے تھیلان سماراویرا سے معاہدہ کرلیا ہے اور وہ 2013ء سیزن میں کاؤنٹی کی نمائندگی کریں گے۔
واضح رہے کہ مصباح الحق نے آج تک کسی کاؤنٹی ٹیم کی نمائندگی نہیں کی۔