چیمپئز ٹرافی: جنوبی افریقی ٹیم کا اعلان، کیلس دستبردار

0 1,048

جیسے جیسے چیمپئنز ٹرافی قریب آتی جا رہی ہے، دنیائے کرکٹ کے اہم ممالک اپنی ٹیموں کا اعلان کرتے جا رہے ہیں۔ جنوبی افریقہ نے سال کے اس اہم ترین ٹورنامنٹ کے لیے جس دستے کو منتخب کیا ہے اس میں آل راؤنڈر ژاک کیلس شامل نہیں ہیں۔

ابراہم ڈی ولیئرز جنوبی افریقہ پر سے "چوکرز" کا داغ ہٹا پائیں گے؟ یہ وقت ہی بتائے گا (تصویر: PA Photos)
ابراہم ڈی ولیئرز جنوبی افریقہ پر سے "چوکرز" کا داغ ہٹا پائیں گے؟ یہ وقت ہی بتائے گا (تصویر: PA Photos)

انہوں نے ذاتی وجوہات کی بنیاد پر ٹورنامنٹ میں حصہ نہ لینے کا فیصلہ کیا ہے، یوں تاریخ کی اس آخری چیمپئنز ٹرافی میں شائقین کرکٹ اک لیجنڈری کھلاڑی کو ایکشن میں نہیں دیکھ پائیں گے۔

کیلس نے فی الوقت تو ذاتی وجوہات کو بہانہ بنایا ہے، لیکن ان کے طرز عمل سے صاف ظاہر ہے کہ وہ محدود اوورز کی کرکٹ کو کم کر کے اپنی توجہ زیادہ سے زیادہ ٹیسٹ مقابلوں پر مرکوز رکھنا چاہتے ہیں۔ اس کا اندازہ اس بات سے لگایا جا سکتا ہے کہ ایک سال سے زائد عرصہ گزر چکا ہے اور انہوں نے کوئی ایک روزہ بین الاقوامی مقابلہ نہیں کھیلا۔

البتہ کافی عرصہ زخمی ہونے کے باعث باہر رہنے والے ژاں پال دومنی ضرور ٹیم میں واپس آئے ہیں۔ وہ گزشتہ سال آسٹریلیا کے خلاف سیریز میں پنڈلی کی تکلیف کے باعث باہر ہو گئے تھے اور اس کے بعد سے بین الاقوامی کرکٹ نہیں کھیل پائے۔

دومنی کی شمولیت ہی ٹیم میں واحد تبدیلی ہے جنہیں وکٹ کیپر بیٹسمین کوئنٹن ڈی کوک کی جگہ شامل کیا گیا ہے۔

جنوبی افریقہ نے حال ہی میں پاکستان کے خلاف سیریز میں فتح حاصل کی ہے اور بلند حوصلوں کے ساتھ میدان میں اترے گی۔ لیکن بین الاقوامی ٹورنامنٹس میں اس کا ریکارڈ ایک بھیانک خواب کی طرح اس سے چپکا ہوا ہوگا۔ اب دیکھنا یہ ہے کہ کیا جنوبی افریقہ ماضی سے پیچھا چھڑا کر ایک آئی سی سی ٹورنامنٹ جیت پائے گا؟ جنوبی افریقہ نے 'منی ورلڈ کپ' کے نام سے شروع ہونے والے اس ٹورنامنٹ کے پہلے ورژن میں ضرور کامیابی حاصل کی تھی جب 1998ء میں ہونے والے ٹورنامنٹ کے فائنل میں انہوں نے ویسٹ انڈیز کو شکست دی تھی۔

رواں سال جنوبی افریقہ گروپ 'بی' میں بھارت، پاکستان اور ویسٹ انڈیز جیسی مضبوط ٹیموں کے خلاف کھیلے گا۔ ٹورنامنٹ میں اس کا پہلا مقابلہ 6 جون کو بھارت سے کارڈف میں ہوگا۔

دستے کی قیادت بدستور ابراہم ڈی ولیئرز کریں گے جبکہ دیگر کھلاڑیوں میں تقریباً وہ پورا دستہ شامل ہے جس نے پاکستان کے خلاف حال ہی میں ون ڈے سیریز جیتی تھی۔

اعلان کردہ ٹیم:

ابراہم ڈی ولیئرز (کپتان)، آرون فانگیسو، جے پی دومنی، ڈیل اسٹین، ڈیوڈ ملر، رابن پیٹرسن، راین میک لارن، روری کلین ویلٹ، فرحان بہاردین، فف دو پلیسی، کولن انگرام، گریم اسمتھ، لونوابو سوٹسوبے، مورنے مورکل اور ہاشم آملہ۔