عام انتخابات: کھلاڑی بھی اپنا حق رائے دہی استعمال کرنے کو تیار

1 1,028

65 سے زائد سالوں سے جاری آمریت و جمہوریت کی آنکھ مچولی کے بعد اب 2013ء میں لگتا ہے کہ وطن عزیز کی تقدیر کا فیصلہ عوام نے اپنے ہاتھ میں لے لیا ہے۔ انتخابات کے "بخار" نے پوری قوم کو اپنی لپیٹ میں لے رکھا ہے اور کھلاڑی بھی اس سے مستثنیٰ نہیں ہیں۔

پی سی بی نے ایبٹ آباد میں قومی کیمپ اسی لیے جلد ختم کر دیا تاکہ کھلاڑی اپنے آبائی علاقوں کو جا سکیں (تصویر: Getty Images)
پی سی بی نے ایبٹ آباد میں قومی کیمپ اسی لیے جلد ختم کر دیا تاکہ کھلاڑی اپنے آبائی علاقوں کو جا سکیں (تصویر: Getty Images)

ایبٹ آباد میں جاری قومی تربیتی کیمپ میں شرکت کے بعد اب تمام کھلاڑی اپنے آبائی علاقوں کو واپسی کے لیے پر تول رہے ہیں، جہاں وہ اپنا حق رائے دہی استعمال کریں گے۔ سعید اجمل، جنید خان، محمد عرفان، اسد شفیق اور نوجوان تیز باؤلر اسد علی نے کرک نامہ کو تصدیق کی کہ وہ اپنے ووٹ کا استعمال کریں گے اور 11 مئی کو پولنگ اسٹیشن ضرور جائیں گے۔

پاکستان کرکٹ بورڈ نے عام انتخابات کے پیش نظر وقت سے قبل ہی قومی تربیتی کیمپ ختم کر دیا تاکہ تمام کھلاڑی بروقت اپنے علاقوں کو پہنچ سکیں۔

اس وقت دنیا کے بہترین اسپنر سعید اجمل فیصل آباد میں اپنا ووٹ دیں گے جبکہ جنید خان صوابی جائیں گے۔ تاریخ کے سب سے طویل قامت فاسٹ باؤلر محمد عرفان ایک تکنیکی مسئلے کا سامنا کر رہے ہیں لیکن انہیں امید ہے کہ یہ معاملہ کل تک حل ہو جائے گا اور وہ اپنے آبائی علاقے گگو منڈی میں اپنا حق رائے دہی استعمال کر سکیں گے۔

ان کے علاوہ کراچی سے تعلق رکھنے والے نوجوان بلے اسد شفیق فیڈرل بی ایریا میں اپنا ووٹ ڈالیں گے۔ ان کے بھائی کراچی کی ایک معروف سیاسی جماعت سے تعلق رکھتے ہیں، اس لیے اسد کا ووٹ بھی اسی سیاسی جماعت کے لیے ہوگا۔

دیگر مشہور افراد کے مقابلے میں کھلاڑیوں کا معاملہ کچھ عجیب سا ہوتا ہے۔ سیاسی وابستگی ظاہر کرنے کو گویا وہ اپنی موت کے مترادف سمجھتے ہیں۔ ابھی حال ہی میں شاہد آفریدی نے پاکستان مسلم لیگ ن کے سربراہ میاں نواز شریف سے ملاقات کی تو گویا اک طوفان کھڑا ہو گیا اور وہ تب تک نہیں تھما جب تک کہ شاہد نے مسلم لیگ ن میں شمولیت کی خبروں کی تردید نہیں کر دی۔

پاکستان کرکٹ سے نکل کر سیاست کے خارزار میں قدم رکھنے والی سب سے بڑی شخصیت بلاشبہ عمران خان کی ہے جن کی جماعت تحریک انصاف اس وقت کامیابی کی توقعات لگائے بیٹھی ہے۔ عمران خان جن چار نشستوں پر قومی اسمبلی کے انتخابات لڑ رہے ہیں ان میں سے ایک حلقہ وہ ہے جہاں پاکستان کرکٹ ٹیم کے موجودہ کپتان مصباح الحق رہتے ہیں۔ کیا آپ سمجھتے ہیں کہ مصباح الحق کا ووٹ عمران خان کو جائے گا؟