مصباح اور باؤلرز چھا گئے، بلے باز ناکام لیکن پاکستان کامیاب

0 1,070

تقریباً دو ماہ تک بین الاقوامی کرکٹ سے دور رہنے کے بعد پاکستان چیمپئنز ٹرافی کی تیاریوں کے سلسلے میں پہلے اسکاٹ لینڈ میں موجود ہے جہاں کھیلے گئے پہلے ایک روزہ بین الاقوامی مقابلے میں مصباح الحق کی شاندار بلے بازی اور پھر پاکستانی باؤلرز کی متوقع بہترین کارکردگی کی بدولت پاکستان نے 96 رنز کی بھاری فتح حاصل کی۔ محض 231 رنز کے مجموعے کا دفاع کرنے میں پاکستانی باؤلرز نے کمال کر دکھایا جبکہ مصباح الحق کے علاوہ دیگر بلے بازوں کی نااہلی پر سوال جوں کا توں موجود ہے۔

مصباح الحق نے 80 گیندوں پر 83 رنز بنا کر فتح گر اننگز کھیلی (تصویر: Getty Images)
مصباح الحق نے 80 گیندوں پر 83 رنز بنا کر فتح گر اننگز کھیلی (تصویر: Getty Images)

میدان میں جہاں صبح کے وقت درجہ حرارت 9 درجے سینٹی گریڈ تھا، پاکستان نے ٹاس جیت کر پہلے بلے بازی کا فیصلہ کیا اور 50 رنز کا آغاز ملنے کے بعد استفادہ حاصل نہ کر سکا اور 115 رنز تک پہنچتے پہنچتے آدھی ٹیم پویلین لوٹ چکی تھی۔ ٹاپ آرڈر میں صرف عمران فرحت 46 رنز بنا کر قابل ذکر رہے، لیکن انہوں نے بھی 70 گیندیں کھیلیں جبکہ ناصر جمشید 20، محمد حفیظ 18، اسد شفیق 9 اور عمر امین 3 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے۔

اس موقع پر مصباح الحق نے ثابت کیا کہ وہ ٹیم کے حقیقی قائد ہیں، ایسے موقع پر جب پاکستان کا 200 کے مجموعے تک پہنچنا بھی مشکل لگ رہا تھا کیونکہ جب کامران اکمل کی صورت میں پاکستان کی چھٹی وکٹ گری تھی تو اسکور محض 144 رنز تھا اور 37 واں اوور چل رہا تھا۔ لیکن مصباح نے 83 رنز کی ایک ناقابل شکست اننگز کھیلی اور پاکستان کے مجموعے کے 231 رنز کے محفوظ مقام تک پہنچایا۔ ان کی اننگز میں 2 چھکے اور تین چوکے شامل تھے۔ سعید اجمل نے 28 گیندوں پر اتنے ہی رنز کے ساتھ کپتان کا بھرپور ساتھ دیا۔

نئے کپتان کائل کوئٹزر کی قیادت میں کھیلنے والے اسکاٹ لینڈ کی جانب سے ماجد حق نے سب سے زیادہ 3 وکٹیں حاصل کیں جبکہ ایک، ایک وکٹ نیل کارٹر، این وارڈلا، روب ٹیلر اور میٹ ماچن کو ملی۔

جواب میں پاکستان نے اسکاٹ لینڈ کو ٹکنے کا موقع ہی نہ دیا۔ صفر پر پہلی وکٹ گرنے کے بعد دوسری وکٹ پر کپتان کائل کوئٹزر اور جوش ڈیوی کے درمیان 52 رنز کی رفاقت ہی واحد مزاحمت رہی ۔ دونوں نے سازگار کنڈیشنز میں محمد عرفان اور جنید خان جیسے باؤلرز کا ڈٹ کر مقابلہ کیا اور رنز کا بہاؤ بھی جاری رکھا یہاں تک کہ کامران اکمل کے ایک خوبصورت کیچ نے اس شراکت داری کا خاتمہ کر دیا۔ اس کے بعد مقابلے پر پاکستانی گیندباز حاوی ہو گئے اور پوری اسکاٹش ٹیم 40 ویں اوور میں محض 135 پر ڈھیر ہو گئی۔ کوئٹزر 32 رنز کے ساتھ سب سے نمایاں بلے باز رہے جبکہ ڈیوی نے 20 رنز بنائے۔ ان کے علاوہ کسی بلے باز کا اسکور 15 رنز سے آگے بھی نہ بڑھ پایا۔

پاکستان کی جانب سے جنید خان اور سعید اجمل نے 3،3 اور محمد عرفان، احسان عادل اور محمد حفیظ نے ایک، ایک وکٹ حاصل کی۔

اس فتح کی بدولت پاکستان کو دو میچز کی سیریز میں ناقابل شکست برتری حاصل ہو گی۔ سیریز کا دوسرا مقابلہ 19 مئی کو ایڈنبرا ہی میں کھیلا جائے گا۔