[ریکارڈز] شاہد آفریدی پاکستان کی جانب سے سب سے زیادہ مین آف دی میچ ایوارڈز

مایوس کن کارکردگی کے بعد ٹیم سے باہر کیے جانے والے شاہد آفریدی کے لیے چیمپئنز ٹرافی جیسے اہم ٹورنامنٹ سے اخراج بہت ہی سبق آموز تھا اور انہوں نے اس کا تمام تر غصہ واپسی کے ساتھ ہی پروویڈنس، گیانا میں ویسٹ انڈیز کے خلاف نکالا۔ اک ایسے موقع پر جب پاکستان 47 رنز پر 5 وکٹیں گنوا بیٹھا تھا اور ٹیم کے تہرے ہندسے تک پہنچنے کی امیدیں بھی بہت کم دکھائی دیتی تھیں، شاہد آفریدی نے 55 گیندوں پر 76 رنز کی شاہکار اننگز کھیلیں۔ صورتحال کے پیش نظر زیادہ سے زیادہ دیر کریز پر ٹکے رہنے اور صرف خراب گیندوں ہی کو کھیلنے کی ضرورت تھی، شاہد آفریدی نے پانچ شاندار چھکوں اور 5 چوکوں سے مزین ایک ایسی اننگز کھیلی، جو طویل عرصے سے ان پر قرض تھی۔ حالیہ دورۂ جنوبی افریقہ میں بھی انہوں نے ایک اچھی اننگز کھیلی لیکن وہ فاتحانہ کردار ادا نہ کر سکی، جبکہ آج کی باری بلاشبہ فتح گر تھی۔

اگر معاملہ یہیں پر ٹھہرا رہتا تو الگ بات تھی لیکن 224 رنز کے ایک معمولی سے ہدف کے دفاع میں پاکستان نے شاہد آفریدی ہی کی بدولت ویسٹ انڈیز کو دھول چٹائی۔ شاہد نے اپنے 9 اوورز میں صرف 12 رنز دے کر 7 وکٹیں حاصل کی جو ان کے کیریئر کی بہترین باؤلنگ بھی تھی، بلکہ کسی بھی پاکستانی باؤلر کی جانب سے کی گئی ایک روزہ تاریخ کی بہترین باؤلنگ تھی۔ بس وہ ایک وکٹ سے رہ گئے ورنہ چمندا واس کا عالمی ریکارڈ بھی توڑ دیتے۔
اسی کارکردگی کی بدولت انہیں میچ کے بہترین کھلاڑی کے اعزاز سے نوازا گیا۔ یہ آفریدی کے 355 ایک روزہ میچز پر مشتمل طویل کیریئر میں 30 واں موقع تھا کہ انہیں مردِ میدان کا خطاب ملا۔ یہ بذات خود ایک قومی ریکارڈ ہے یعنی پاکستان کی جانب سے کھیلتے ہوئے سب سے زیادہ مین آف دی میچ ایوارڈز۔ وہ سب سے زیادہ ایوارڈز لینے والے سرفہرست دس بین الاقوامی کھلاڑیوں میں بھی شامل ہیں۔
ایک روزہ کرکٹ کی تاریخ میں سب سے زیادہ مین آف دی میچ ایوارڈز بھارت کے سچن تنڈولکر نے حاصل کیے ہیں جن کی تعداد 62 ہے اور اس معاملے میں کوئی کھلاڑی ان کے قریب بھی نہیں ۔ سری لنکا کے سنتھ جے سوریا 48 ایوارڈز کے ساتھ دوسرے نمبر پر ہیں جبکہ مکمل فہرست ذیل میں موجود ہے، ملاحظہ کیجیے:
ون ڈے میں سب سے زیادہ مین آف دی میچ ایوارڈز لینے والے کھلاڑی
نام | ملک | دورانیہ | مقابلے | ایوارڈز |
---|---|---|---|---|
سچن تنڈولکر | ![]() |
1989ء تا 2012ء | 463 | 62 |
سنتھ جے سوریا | ![]() |
1989ء تا 2011ء | 445 | 48 |
ژاک کیلس | ![]() |
1996ء تا 2012ء | 321 | 32 |
رکی پونٹنگ | ![]() |
1995ء تا 2012ء | 375 | 32 |
ویوین رچرڈز | ![]() |
1975ء تا 1991ء | 187 | 31 |
سارو گانگلی | ![]() |
1992ء تا 2007ء | 311 | 31 |
برائن لارا | ![]() |
1990ء تا 2007ء | 299 | 30 |
ارونڈا ڈی سلوا | ![]() |
1984ء تا 2003ء | 308 | 30 |
شاہد آفریدی | ![]() |
1996ء تا 2013ء | 355 | 30 |
سعید انور | ![]() |
1989ء تا 2003ء | 247 | 28 |