عمر اکمل آج رات وطن واپس پہنچیں گے
ویسٹ انڈیز میں دوران پرواز پراسرار انداز میں بے ہوش ہونے کے بعد عمر اکمل آج شب وطن واپس پہنچیں گے ۔
23 سالہ عمر اکمل گزشتہ چند ہفتوں سے ویسٹ انڈیز میں موجود ہیں اور پاک-ویسٹ انڈیز سیریز کے بعد وہ کیریبیئن پریمیئر لیگ میں شریک تھے کہ جمیکا جانے والی پرواز میں اچانک بے ہوش ہوگئے اور بعد ازاں انہیں مقامی ہسپتال میں داخل کروا دیا گیا جہاں ایک رات قیام کے بعد انہیں خارج کر دیا گیا ہے۔
پاکستان کرکٹ بورڈ نے ان کی طبیعت اچانک خراب ہونے اور تفصیلی معائنے کی خاطر دورۂ زمبابوے سے ان کا نام واپس لیا اور انہیں فوری طور پر وطن واپس طلب کیا۔ اس حکم کی پیروی میں آج رات کو لاہور پہنچ رہے ہیں۔
پاکستان کرکٹ بورڈ کا میڈیکل پینل عمر اکمل کا طبی معائنہ کرے گا جس کے بعد فیصلہ کیا جائے گا۔
ان کے پراسرار انداز میں بے ہوش ہونے کے حوالے سے یہ خبریں گردش کر رہی ہیں کہ انہیں دوران پرواز مرگی کا دورہ پڑا تھا۔
دورۂ زمبابوے کے محدود اوورز کے مرحلے میں ان کی جگہ پی سی بی کی سلیکشن کمیٹی نے سرفراز احمد کو شامل کیا ہے۔