احمد شہزاد کی ریکارڈ ساز اننگز، پاکستان سیریز جیت گیا

1 1,043

احمد شہزاد کی ایک اور دھواں دار اننگز اور محمد حفیظ کے آل راؤنڈ کھیل کی بدولت پاکستان نے زمبابوے کو دوسرے ٹی ٹوئنٹی میں 19 رنز سے شکست دے کر سیریز دو-صفر سے جیت لی۔ نوجوان احمد شہزاد بدقسمتی سے ٹی ٹوئنٹی بین الاقوامی کرکٹ میں پاکستان کی جانب سے سنچری بنانے والے پہلے بلے باز نہ بن سکے اور آخری گیند پر جب انہیں سنچری کے لیے تین رنز کی ضرورت تھی تو وہ صرف ایک رن بنا پائے۔ بہرحال، انہوں نے سب سے طویل ٹی ٹوئنٹی اننگز کا قومی ریکارڈ ضرور اپنے نام کیا اور ناقابل شکست 98 رنز کے ساتھ میدان سے واپس لوٹے۔

احمد شہزاد نے 6 بلند و بالا چھکوں کی مدد سے ناقابل شکست 98 رنز بنائے (تصویر: AFP)
احمد شہزاد نے 6 بلند و بالا چھکوں کی مدد سے ناقابل شکست 98 رنز بنائے (تصویر: AFP)

پاکستان کا ٹاپ آرڈر جو گزشتہ مقابلے میں بری طرح ناکام ہوا تھا، آج بھرپور کھیل پیش کیا۔ 20 اوورز میں پاکستان کی صرف ایک وکٹ ناصر جمشید کی صورت میں گری جس کے بعد احمد شہزاد اور کپتان محمد حفیظ کے درمیان 143 رنز کی ریکارڈ شراکت داری قائم ہوئی جو آخر تک برقرار رہی۔ احمد شہزاد نے صرف 64 گیندوں پر 6 چھکوں اور اتنے ہی چوکوں کی مدد سے 98 رنز بنائے۔ یہ کسی بھی ٹی ٹوئنٹی اننگز میں پاکستانی بلے باز کی جانب سے لگائے گئے سب سے زیادہ چھکے ہیں۔ دوسے اینڈ سے محمد حفیظ نے 40 گیندوں پر دو چھکوں اور تین چوکوں سے 54 رنز سمیٹے۔

زمبابوے نے سات گیندباز آزمائے لیکن کوئی بھی توقعات پر پورا نہ اترا ۔ واحد گرنے والی وکٹ شنگی ماساکازا کو ملی لیکن انہوں نے 4 اورز میں 42 رنز کھائے۔

180 رنز کے بڑے ہدف کے تعاقب میں زمبابوے کو اوپنرز ووسی سبانڈا اور ہملٹن ماساکازا کی جانب سے 50 رنز کا اچھا آغاز ملا لیکن ایک مرتبہ پھر جیسے ہی اسپنر میدان میں آئے، زمبابوے کے لیے معاملہ دشوار ہو گیا ۔محمد حفیظ نے مسلسل تین اوورز میں سبانڈا، برینڈن ٹیلر اور ہملٹن ماساکازا کو ٹھکانے لگا کر زمبابوے کی پیشرفت کو سخت دھچکا پہنچایا اور رہی سہی کسر 15 ویں اوور میں ذوالفقار بابر کی دو وکٹوں نے پوری کردی۔ اس کے باوجود آخری پانچ اوورز میں زمبابوے نے 51 رنز بنائے لیکن پھر بھی ہدف سے 19 رنز دور ہی پہنچ پایا۔

ماساکازا 41 رنز کے ساتھ سب سے نمایاں بلے باز رہے جبکہ ایلٹن چگمبورا نے 19 گیندوں پر ناقابل شکست 35 رنز بنائے۔

پاکستان کی جانب سے محمد حفیظ نے 3، ذوالفقار بابر نے دو جبکہ انور علی نے ایک وکٹ حاصل کی۔

ان تین وکٹوں کے ساتھ محمد حفیظ کسی میچ میں نصف سنچری اور کم از کم تین وکٹیں حاصل کرنے کا کارنامہ چار مرتبہ انجام دینے والے پہلے کھلاڑی بن گئے ہیں۔ ان کے قریبی ترین حریف آسٹریلیا کے شین واٹسن ہیں جنہوں نے تین مرتبہ ایسی آل راؤنڈ کارکردگی دکھائی ہے۔

احمد شہزاد کو ایک مرتبہ پھر میچ کا بہترین کھلاڑی قرار دیا گیا جبکہ سیریز کے بہترین کھلاڑی کا اعزاز بھی انہی کو دیا گیا۔

اب دونوں ٹیمیں تین ون ڈے مقابلوں میں آمنے سامنے ہوں گی جو ہرارے ہی میں 29 اگست کو کھیلا جائے گا۔ اس کے لیے ٹیم میں کچھ تبدیلیاں واقع ہوں گی اور قیادت مصباح الحق کے ہاتھوں میں ہوگی۔

زمبابوے بمقابلہ پاکستان

دوسرا ٹی ٹوئنٹی بین الاقوامی مقابلہ

24 اگست 2013ء

بمقام: ہرارے اسپورٹس کلب، ہرارے

نتیجہ: پاکستان 19 رنز سے فتح یاب

میچ کے بہترین کھلاڑی: احمد شہزاد

سیریز کے بہترین کھلاڑی: احمد شہزاد

پاکستان رنز گیندیں چوکے چھکے
احمد شہزاد ناٹ آؤٹ 98 64 6 6
ناصر جمشید ک چگمبورا ب شنگی ماساکازا 23 17 3 1
محمد حفیظ ناٹ آؤٹ 54 40 3 2
فاضل رنز و 3، ن ب 1 4
مجموعہ 20 اوورز میں 1 وکٹ کے نقصان پر 179

 

زمبابوے (گیند بازی) اوورز میڈن رنز وکٹیں
پراسپر اتسیا 4 0 35 0
برائن وٹوری 4 0 41 0
تناشے پنیانگرا 4 0 29 0
شنگی ماساکازا 4 0 42 1
سین ولیمز 2 0 15 0
ایلٹن چگمبورا 1 0 13 0
میلکم والر 1 0 4 0

 

زمبابوےہدف: 180 رنز رنز گیندیں چوکے چھکے
ووسی سبانڈا ک سہیل ب حفیظ 23 33 3 0
ہملٹن ماساکازا ک عمر امین ب حفیظ 41 32 4 1
برینڈن ٹیلر ک سرفراز ب حفیظ 3 4 0 0
سین ولیمز اسٹمپڈ سرفراز ب ذوالفقار بابر 25 16 2 1
ایلٹن چگمبورا ناٹ آؤٹ 35 19 2 2
ٹمی سین ماروما ک حفیظ ب ذوالفقار بابر 0 2 0 0
میلکم والر ک آفریدی ب انور علی 20 14 2 1
شنگی ماساکازا ناٹ آؤٹ 0 1 0 0
فاضل رنز ل ب 7، و 5، ن ب 1 13
مجموعہ 20 اوورز میں 6 وکٹوں کے نقصان پر 160

 

پاکستان (گیند بازی) اوورز میڈن رنز وکٹیں
سہیل تنویر 4 0 28 0
اسد علی 3 0 26 0
انور علی 2 0 24 1
ذوالفقار بابر 4 1 21 2
شاہد آفریدی 3 0 24 0
محمد حفیظ 4 1 30 3