پاکستان کو زبردست دھچکا، درجہ بندی میں چھٹی پوزیشن پر پہنچ گیا
زمبابوے کے خلاف ناقابل یقین شکست نے پاکستان کو سخت دھچکا پہنچایا ہے اور وہ ایک مرتبہ پھر عالمی درجہ بندی میں چھٹے نمبر پر پہنچ گیا ہے جبکہ زمبابوے 6 سال سے زیادہ کے عرصے کے بعد درجہ بندی میں پہلی بار واپس آیا ہے اور وہ بھی بنگلہ دیش کو پھلانگتے ہوئے نویں پوزیشن پر۔
پاکستان کو انگلستان اور آسٹریلیا کے مابین کھیلی گئی حالیہ ایشیز سیریز میں انگلستان کی تین-صفر کی فتح کی بدولت چوتھی پوزیشن ملی تھی لیکن ہرارے میں شکست نے اسے پانچ قیمتی پوائنٹس سے محروم کردیا اور یوں وہ نہ صرف آسٹریلیا بلکہ ویسٹ انڈیز سے بھی نیچے چھٹے نمبر پر پہنچ گیا ہے۔
زمبابوے کے خلاف سیریز کے آغاز سے قبل پاکستان 102 پوائنٹس کے ساتھ چوتھے نمبر پر تھا جبکہ آسٹریلیا 101 اور ویسٹ انڈیز 99 پوائنٹس کے ساتھ اس کےپیچھے تھے لیکن زمبابوے کے خلاف اس شکست نے پاکستان کو 97 پوائنٹس پر پہنچا دیا ہے۔ اسے ساتویں نمبر پر موجود سری لنکا پر 9 پوائنٹس کی برتری حاصل ہے۔
اب پاکستان کا اگلا ٹاکرہ عالمی نمبر ایک جنوبی افریقہ کے ساتھ ہے جو اگلے ماہ متحدہ عرب امارات پہنچے گا جہاں 14 اکتوبر سے دو ٹیسٹ میچز کی سیریز کا آغاز ہوگا اور بعد ازاں پانچ ون ڈے اور دو ٹی ٹوئنٹی کھیلے جائیں گے۔ زمبابوے جیسے کمزور حریف کے خلاف دونوں ٹیسٹ مقابلوں میں جدوجہد کرنے والا پاکستان عالمی نمبر ایک کا سامنا کیسے کرے گا، اس کے لیے چند سخت فیصلوں کی ضرورت ہوگی اور ساتھ میں حکمت عملی کو بہتر بنانے کی بھی۔ بصورت دیگر جنوبی افریقہ کے خلاف سیریز موجودہ پاکستانی ٹیم کے تابوت میں آخری کیل ثابت ہوگی۔
ٹیسٹ کی مکمل درجہ بندی دیکھنے کے لیے کرک نامہ کا یہ خصوصی صفحہ دیکھیں۔