دانش کنیریا نے کیسے ورغلایا، ویسٹ فیلڈ بول پڑے

0 1,090

انگلش کاؤنٹی اسپاٹ فکسنگ اسکینڈل کے دو کرداروں میں سے ایک مروین ویسٹ فیلڈ بھی بالآخر بول پڑے اور انہوں نے عدالت میں کی گئی بات ہی دہرائی ہے کہ انہیں فکسنگ پر دانش کنیریا نے مجبور کیا۔

اپیل کی سماعت سے قبل ویسٹ فیلڈ کا یہ بیان کیا دانش کنیریا کے لیے مسائل کھڑے کرے گا؟ (تصویر: Getty Images)
اپیل کی سماعت سے قبل ویسٹ فیلڈ کا یہ بیان کیا دانش کنیریا کے لیے مسائل کھڑے کرے گا؟ (تصویر: Getty Images)

ایسیکس کے سابق کھلاڑی مروین ویسٹ فیلڈ نے اسپاٹ فکسنگ تنازع کے حوالے سے پہلی بار عوامی سطح پر لب کشائی کی ہے اور پروفیشنل کرکٹ ایسوسی ایشن کی انسداد بدعنوانی مہم کے لیے دیے گئے وڈیو پیغام میں انہوں نے اپنی صفائی پیش کرنے کی کوشش کی ہے۔

ویسٹ فیلڈ نے ستمبر 2009ء میں ڈرہم کے خلاف ایک اوور میں 12 رنز دینے اور اس کے بدلے میں 6 ہزار پاؤنڈ لینے پر رضامندی ظاہر کی تھی اور معاملہ کھلنے پر رواں سال کے اوائل میں انہیں 4 ماہ قید کی سزا سنائی گئی۔ سماعت سے لے کر اب تک ان کا موقف ایک ہی ہے کہ انہیں فکسنگ کی دلدل میں گھسیٹنے والے اور اس پورے قضیے کے منصوبہ ساز پاکستانی اسپنر دانش کنیریا تھے۔ دانش پر رواں سال انگلینڈ اینڈ ویلز کرکٹ بورڈ (ای سی بی) نے تاحیات پابندی عائد کر دی تھی۔

اس خصوصی وڈیو پیغام میں ویسٹ فیلڈ نے بتایا کہ ان کی کنیریا سے پہلی ملاقات اس وقت ہوئی جب وہ صرف 19 سال کے تھے اور پیشہ ورانہ کرکٹ میں انہیں دو سال ہی ہوئے تھے۔ انہوں نے کہا کہ کنیریا بڑی چلبلی شخصیت کا حامل تھا اور ٹیم کا ہر کھلاڑی اس کو پسند کرتا تھا بلکہ بیشتر ساتھی کھلاڑیوں کے لیے تو وہ ایک مثالی شخصیت تھا۔ یہی وجہ ہے کہ میں اس سے کافی مرعوب تھا اور جب اس نے اس معاملے پر پہلی بار مجھے یہ کہا کہ آجکل ایک نوجوان کھلاڑی کے لیے کرکٹ میں پیسے بنانا بہت مشکل ہے، تو میرے لیے اسے تسلیم کرنے کے علاوہ کوئی چارہ نہ تھا۔ بارہا گفتگو اور اس کی شخصیت کے دباؤ کی وجہ سے میں اس کام پر رضامند ہوا۔

انہوں نے بتایا کہ دانش میرے گھر کے قریب ہی رہتا تھا بلکہ جب میری اس موضوع پر اس سے پہلی بار گفتگو ہوئی اس وقت بھی میں اس کے گھر پر ہی تھا۔ وہ ہمیشہ مجھے لفٹ دیتا اور گھر چھوڑتا اور اس رات تین بجے بھی وہ اپنے دو دوستوں کے ساتھ مجھے گھر چھوڑنے آیا تھا اور جاتے جاتے ایک سیاہ تھیلا بھی میرے حوالے کیا جس میں رقم تھی۔ انہوں نے چند روز بعد سمرسیٹ کے خلاف مقابلے کے لیے بھی مجھ سے معاملات طے کرنا چاہے لیکن میں سخت پریشان تھا اور میں نے انکار کردیا کیونکہ میں سخت پریشان تھا۔

اسپاٹ فکسنگ کا الزام ثابت ہونے پر قید کے علاوہ ویسٹ فیلڈ پر پانچ سال تک پروفیشنل کرکٹ اور تین سال تک کلب کرکٹ کھیلنے پر پابندی عائد کی گئی۔ البتہ انسداد بدعنوانی کے حوالے سے شعور اجاگر کرنے کے پروگرام میں حصہ لینے پر آمادگی کے باعث انگلینڈ اینڈ ویلڈ کرکٹ بورڈ نے جون میں ان کی کلب کرکٹ کی سزا کو ایک سال تک محدود کر دیا یعنی کہ وہ اگلے سیزن میں کھیل پائیں گے۔

ایک ایسے مرحلے پر جب دانش کنیریا کی تاحیات پابندی کے خلاف برطانیہ کی کمرشل کورٹ میں موجود ہے، ویسٹ فیلڈ کی جانب سے اس بیان کا سامنے آنا ان کے لیے مسائل کھڑے کر سکتا ہے۔