افسوسناک دن، بیٹسمین سر پر گیند لگنے سے چل بسا

کرکٹ کی تاریخ میں ایسا بہت کم ہوا ہے کہ کوئی کھلاڑی گیند لگنے سے اپنی جان سے ہاتھ دھو بیٹھا ہو اور آج کھیل کے انہی افسوسناک دنوں میں سے ایک رہا جب جنوبی افریقہ میں ایک فرسٹ کلاس مقابلے کے دوران ایک بلے باز سر پر گیند لگنے سے چل بسا۔

صوبہ ایسٹرن کیپ کے شہر ایلس میں ہونے والے بارڈر کرکٹ بورڈ پریمیئر لیگ کے ایک مقابلے میں 32 سالہ ڈیرن رینڈل ایک اٹھتی ہوئی گیند پر پل شاٹ کھیلنے کی ناکام کوشش کے بعد جان سے ہاتھ دھو بیٹھے۔ وہ سر پر گیند لگنے کی وجہ سے وہیں کریز پر گرگئے تھے، جس پر انہیں فوری طور پر ایلس ہسپتال لے جایا گیا لیکن وہ جانبر نہ ہوسکے۔ یہ مقابلہ اولڈ سیلبورنیئنز اور فور ہیئر یونیورسٹی کے درمیان کھیلا جا رہا تھا۔
وکٹ کیپر بلے باز رینڈل وکٹ کیپر کی حیثیت سے چار فرسٹ کلاس مقابلے کھیل چکے تھے اور اسٹرلنگ پرائمری اسکول میں کرکٹ اکیڈمی میں بحیثیت کوچ کام کرتے تھے۔ انہوں نے پسماندگان میں والدہ اور منگیتر کو چھوڑا ہے۔
اس واقعے پر کرکٹ ساؤتھ افریقہ کے چیف ایگزیکٹو ہارون لورگاٹ نے افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ یہ جنوبی افریقہ کے لیے ایک افسوسناک دن ہے۔
یاد رہے ک 1998ء میں بھارت کے سابق ٹیسٹ کھلاڑی رامن لامبا بنگلہ دیش میں ایک ڈومیسٹک مقابلے کے دوران شارٹ لیگ پوزیشن پر فیلڈنگ کے دوران حریف بلے باز کا تیز رفتار شاٹ سر پر لگنے کی وجہ سے چل بسے تھے۔