بلاول بھٹی کو دبئی میں داخلے سے روک دیا گیا

نوجوان پاکستانی گیندباز بلاول بھٹی کو ویزا ختم ہونے کی وجہ سے دبئی کے ہوائی اڈے پر ہی روک لیا گیا۔
22 سالہ بلاول 10 قومی کھلاڑیوں کے ہمراہ آج ہی دبئی پہنچے تھے جہاں پاکستان کو 8 دسمبر کو شارجہ میں افغانستان کے خلاف اور بعد ازاں 11 دسمبر سے سری لنکا کے خلاف دو ٹی ٹوئنٹی، پانچ ایک روزہ اور تین ٹیسٹ مقابلوں کی سیریز کھیلنی ہے۔ لیکن جنوبی افریقہ کے خلاف اپنے کیریئر کے پہلے ون ڈے میں فتح گر کارکردگی دکھانے والے بلاول بھٹی کو ایک معمولی سی غلطی مہنگی پڑ گئی۔
دورۂ جنوبی افریقہ سے واپسی پر بلاول بھٹی براستہ دبئی وطن واپس پہنچے تھے اور ان سے غلطی یہ ہوئی کہ وہ دبئی کے ہوائی اڈے کی حدود سے شہر کی جانب چلے گئے تھے۔ جس ویزے پر بلاول بھٹی کو دبئی میں داخلے کی اجازت ملی تھی وہ صرف ایک ہی بار قابل استعمال تھا اور 2 دسمبر کو پاکستان روانگی کے ساتھ ہی اس ویزے کی میعاد ختم ہوگئی۔ اب جب بلاول بھٹی نے آج وہی ویزا دوبارہ استعمال کرنے کی کوشش کی تو حکام نے ان کی درخواست کو رد کردیا اور انہیں دبئی میں داخلے سے روک دیا گیا۔ دبئی کے قوانین کے مطابق وزٹ ویزے پر سفر کرنے والے کو دبئی چھوڑنے کے بعد 30 روز کے اندر دوبارہ ویزا جاری نہیں کیا جاتا۔
پاکستان کرکٹ بورڈ سے جاری کردہ اعلامیہ میں کہا گیا ہے کہ بلاول نے اس حوالے سے بورڈ کو اطلاع نہیں دی تھی۔ بہرحال پی سی بی نے ان کے لیے نئے ویزے کی درخواست جمع کروا دی ہے اور امید ظاہر کی جا رہی ہے کہ انہیں 24 گھنٹوں میں نیا ویزا جاری کردیا جائے گا۔ بلاول بھٹی اس وقت دبئی ہوائی اڈے کے اندر ایک ہوٹل میں قیام پذیر ہیں۔