پی سی بی کہانی میں نیا موڑ، عدالت نے ذکا اشرف کو بحال کردیا

2 1,063

اسلام آباد کی عدالت عالیہ (ہائی کورٹ) نے پاکستان کرکٹ بورڈ کے چیئرمین ذکا اشرف کو ان کے عہدے پر بحال کردیا ہے۔

ذکا اشرف نئے آئین کی منظوری کے بعد 4 سال کے لیے بورڈ کے سربراہ بن گئے تھے، لیکن عدالت نے ان کی تقرری کو غیر قانونی قرار دیا تھا (تصویر: AP)
ذکا اشرف نئے آئین کی منظوری کے بعد 4 سال کے لیے بورڈ کے سربراہ بن گئے تھے، لیکن عدالت نے ان کی تقرری کو غیر قانونی قرار دیا تھا (تصویر: AP)

اسلام آباد ہائی کورٹ کی سنگل بینچ نے گزشتہ سال جولائی میں ذکا اشرف کی تقرری کو غیر قانونی قرار دیتے ہوئے انہیں عہدے سے ہٹا دیا تھا اور بورڈ کے عبوری سربراہ نجم سیٹھی کو 90 دن میں انتخابات کروانے کی ہدایت دی تھی۔ لیکن جسٹس نور الحق قریشی اور جسٹس ریاض احمد خان پر مشتمل دو رکنی بینچ نے آج ہائی کورٹ کے فیصلے کے خلاف اپیل کو منظور کرتے ہوئے ذکا اشرف کو بحال کردیا ہے۔

ذکا اشرف نے اکتوبر 2011ء میں اعجاز بٹ کی جگہ پاکستان کرکٹ بورڈ کے سربراہ کا عہدہ سنبھالا تھا اور گزشتہ سال کے اوائل میں نئے آئین کی منظوری کے بعد 4 سال کی مدت کے لیے بورڈ کے سربراہ بن گئے تھے لیکن ملک میں عام انتخابات کے بعد آنےوالی نئی حکومت نے انہیں عہدے سے ہٹا دیا اور معروف صحافی نجم سیٹھی کو بورڈ کی ذمہ داریاں دے دیں۔ نجم سیٹھی اس وقت عدالتوں کی جانب سے محدود کیے گئے اختیارات کے ساتھ کام کررہے ہیں۔

یوں نئے سال کے ساتھ کرکٹ بورڈ کی کہانی میں اک نیا موڑ آیا ہے۔ اب دیکھنا یہ ہے کہ معاملے کو گمبھیر بنانے والی عدلیہ کا تازہ فیصلہ اس کو سلجھاتا ہے یا مزید بگاڑ کا سبب بنتا ہے۔