شکست کی وجہ فیلڈنگ نہیں بلکہ باؤلنگ اور بیٹنگ تھی: شعیب محمد

0 1,036

ورلڈ ٹی ٹوئنٹی میں پاکستان کی شکست کے ساتھ ہی قومی ٹیم سے منسلک ہر فرد اپنی صفائیاں پیش کرنے، اور یہ کہا جائے تو بے جا نہ ہوگا کہ اپنی کرسی بچانے، میں مصروف عمل نظر آتا ہے۔ برملا ہو یا اشاروں کنایوں میں، کپتان کھلاڑیوں پر، کھلاڑی کوچ پر، کوچ بلے بازوں پر اور بلے باز باؤلرز پر الزامات دھرتے نظر آر ہے ہیں اور جو الزام نہیں دے رہا وہ اپنی صفائیاں پیش کررہا ہے۔ ہیڈ کوچ کہتے ہیں کہ ہمارا کام لڑنا سکھانا ہے لیکن کھلاڑیوں نے میدان میں خود لڑنا ہوتا ہے، بیٹنگ کنسلٹنٹ کہتے ہیں کہ بلے بازی کا مسئلہ "صدیوں" پرانا ہے، راتوں رات حل نہیں ہوگا، وہاں فیلڈنگ کوچ کیسے خاموش رہ سکتے تھے۔ ان کا کہنا ہے کہ "گیندیں سر کے اوپر سے جارہی ہوں تو فیلڈرز کیا کرتے؟"

جہاں دیگر ٹیمیں ایک میچ میں پانچ چھ کیچز ضائع کررہی تھیں، ہم نے بہت کم موقع گنوائے: فیلڈںگ کوچ (تصویر: Getty Images)
جہاں دیگر ٹیمیں ایک میچ میں پانچ چھ کیچز ضائع کررہی تھیں، ہم نے بہت کم موقع گنوائے: فیلڈںگ کوچ (تصویر: Getty Images)

حال ہی میں پاکستان کے فیلڈنگ کوچ کے عہدے پر تعینات ہونے والے شعیب محمد نے وطن واپسی کے بعد صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ بحیثیت مجموعی ٹیم کی کارکردگی اچھی رہی بالخصوص فیلڈنگ میں پاکستان نے دیگر کئی مقابل ٹیموں سے بہتر کارکردگی دکھائی۔ ان کا کہنا تھا کہ پاکستان کے ٹورنامنٹ سے باہر ہونے کی وجہ فیلڈنگ نہیں بلکہ ناقص بیٹنگ اور باؤلنگ تھی۔ البتہ اہم ٹورنامنٹ سے باہر ہوجانے پر انہیں بہت دکھ ہے۔

سابق ٹیسٹ بلے باز اور اپنے وقت کے بہترین فیلڈرز میں شمار ہونے والے شعیب نے کہا کہ اس صورتحال میں کہ ورلڈ ٹی ٹوئنٹی میں ہر مقابلے میں کیچز چھوڑے جا رہے تھے، یہاں تک کہ پانچ، چھ کیچز تک ضائع کیے گئے لیکن پاکستان کے کھلاڑیوں نے ایسا نہیں کیا۔ بیشتر مواقع کابھرپور فائدہ اٹھایا اور حریف بلے بازوں کو نئی زندگیاں عطا نہیں کیں۔

ویسٹ انڈیز کے خلاف کوارٹر فائنل کی حیثیت اختیار کرجانے والے مقابلے میں شاہد آفریدی اور عمر گل کا ایک ساتھ دوڑتے ہوئے گیند جھپٹنے کے لیے پھسلنے کے انوکھے واقعے پر شعیب نے کہا کہ اس سے اندازہ لگایا جا سکتا ہے کہ کھلاڑیوں پر کتنی محنت کی گئ۔

شعیب محمد نے کہا کہ میں نے پہلے ہی کہا تھا کہ فیلڈنگ بہتر کرنے میں عرصہ لگے گا اور مجھے تو وقت بھی بہت کم ملا لیکن جو نتائج ورلڈ ٹی ٹوئنٹی میں پیش کیے، میں ان سے مطمئن ہوں۔ البتہ بہتری کی اب بھی بہت گنجائش موجود ہے۔

فیلڈنگ کوچ کی حیثیت سے معاہدے کی توسیع کے بارے میں شعیب کا کہنا تھاکہ اس کا فیصلہ پاکستان کرکٹ بورڈ کرے گا۔

واضح رہے کہ پاکستان کرکٹ بورڈ نے ایشیا کپ اور ورلڈ ٹی ٹوئنٹی کے لیے شعیب محمد کو فیلڈنگ کوچ کی ذمہ داریاں سونپی تھیں اور اب اس عہدے پر نئی تقرری کا امکان ہے۔