محمد عامر کو واپس لانے کی کوششیں شرمناک قرار

2 1,071

پاکستان کے سابق ٹیسٹ کھلاڑی اور کوچ محسن خان نے محمد عامر کو بین الاقوامی کرکٹ میں واپس لانے کی کوششوں کو شرمناک قرار دیا ہے۔

آصف کو چھوٹا جرم کرنے پر چھوڑا تو انہوں نے مزید بڑا جرم کیا، عامر بھی انہی نقش قدم پر چل سکتا ہے: محسن خان  (تصویر: AFP)
آصف کو چھوٹا جرم کرنے پر چھوڑا تو انہوں نے مزید بڑا جرم کیا، عامر بھی انہی نقش قدم پر چل سکتا ہے: محسن خان (تصویر: AFP)

کراچی میں صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے محسن خان نے کہا کہ عامر سمیت ان تمام کھلاڑیوں پر تاحیات پابندی ہونی چاہیے جو فکسنگ جیسے گھناؤنے جرم کے مرتکب ٹھہریں اور پاکستان کی بدنامی کا باعث بنیں۔

محسن خان، جنہوں نے نئے کوچ وقار یونس کے استعفے کے بعد عارضی طور پر پاکستان کی کوچنگ سنبھالی تھیں، پاکستان کرکٹ بورڈ کی جانب سے محمد عامر کی واپسی کے لیے کی جانے والی کوششوں سے سخت نالاں دکھائے دیے اور کہا کہ عامر اس وقت بھی نادان اور بے وقوف تھا اور میرے خیال میں آج بھی اس کے رویے میں کوئی پختگی نہیں آئی ہوگی۔

محمد آصف کی مثال دیتے ہوئے محسن خان کا کہنا تھا کہ محمد آصف ہمارے سامنے ہیں، بورڈ نے انہیں چھوٹے جرم پر پکڑنے کے بجائے چھوڑ دیا تو انہوں نے مزید بڑا جرم کیا۔ اگر عامر کو بھی ویسے ہی موقع دیا گیا تو ہوسکتا ہےکہ اس سے مزید کوئی بڑی حرکت سرزد ہوجائے اور وہ پاکستان کے لیے مزید شرمندگی کا باعث بنے۔

محمد عامر اگست 2010ء میں انگلستان کے خلاف لارڈز ٹیسٹ میں جان بوجھ کر نو بالز پھینکنے کا جرم ثابت ہونے پر 5 سال کی پابندی بھگت رہے ہیں، جو اگلے سال اگست میں مکمل ہوگی جبکہ پاکستان کرکٹ بورڈ کوششوں میں مصروف ہے کہ انہیں رواں سال ڈومیسٹک کرکٹ کھیلنے کی اجازت دی جائے تاکہ وہ پابندی کے خاتمے کے ساتھ ہی پاکستان سے کھیلنے کے لیے تیار ہیں۔