مشتاق احمد کی شمولیت کے ساتھ کوچنگ عملہ مکمل
ہیڈ کوچ کے بعد اب تمام بقیہ خالی آسامیاں بھی پر ہونے کا وقت آ چکا ہے اور پاکستان نے اس سلسلے میں نئے کوچ وقار یونس کے ساتھ تمام تر مشاورت کرکے ناموں کو حتمی شکل دے دی ہے۔
حتمی فہرست میں سب سے اہم نام مشتاق احمد کا ہے جنہیں اسپن باؤلنگ مشیر کی حیثیت سے منتخب کرلیا گیا ہے، البتہ حتمی اعلان ہونا ابھی باقی ہے۔ مشتاق احمد کافی عرصے سے انگلستان کے اسپن باؤلنگ کوچ کی حیثیت سے کام کرتے رہے ہیں اور اب اس عہدے کی میعاد مکمل ہونے کے بعد اپنے آبائی وطن کے لیے خدمات انجام دینے کے خواہشمند تھے۔ انہوں نے اس عہدے کے لیے اپنے ہم عصر ثقلین مشتاق کو پچھاڑا ہے جو بنگلہ دیش اور ویسٹ انڈیز کی اسپن باؤلنگ کو تربیت دینے کا تجربہ رکھتے ہیں۔
ذرائع کے مطابق گرانٹ فلاور کو بیٹنگ کوچ بنانے کے علاوہ کوچنگ عملے میں ایک اور غیر ملکی کا انتخاب کیا گیا ہے لیکن انہیں بیک وقت فیلڈنگ کوچ اور فزیکل ٹرینر کی ذمہ داریاں نبھانی ہوں گی اور ان کا نام ہے گرانٹ لیوڈن۔ جنوبی افریقہ سے تعلق رکھنے والے لیوڈن بنگلہ دیش کے اسٹرینتھ اینڈ کنڈیشننگ کوچ کی حیثیت سے طویل عرصے تک کام کرچکے ہیں اور جنوبی افریقہ کی مقامی کرکٹ میں کوچنگ کا وسیع تجربہ رکھتے ہیں۔
ٹیم فزیو کے عہدے کے لیے ماضی میں پاکستان کرکٹ ٹیم کے لیے خدمات انجام دینے والے ڈاکٹر فیصل حیات کے نام پر اتفاق ہوا ہے۔
یوں ہیڈ کوچ سے لے کر فزیو تک، تمام عہدوں پر تقرریاں طے پا گئی ہیں، اعلان صرف ہیڈ کوچ کی تقرری کا اعلان ہے، جبکہ باقی گرانٹ فلاور، مشتاق احمد، گرانٹ لیوڈن اور ڈاکٹر فیصل حیات کے ناموں کا حتمی اعلان ابھی باقی ہے۔