ڈان بریڈمین کا تاریخی بلّا نیلام ہوگا
آسٹریلیا بلکہ کرکٹ کی تاریخ کے عظیم ترین بیٹسمین ڈان بریڈمین کا وہ تاریخی بلّا ایک مرتبہ پھر نیلامی کے لیے پیش کردیا گیا ہے، جس سے انہوں نے اپنا پہلا ٹیسٹ مقابلہ کھیلا تھا۔
1928ء میں انگلستان کے خلاف کھیلی گئی سیریز میں انہوں نے پہلی بار آسٹریلیا کی نمائندگی کی، اور مذکورہ مقابلے میں ناکامی کے باوجود انہوں نے پھر پیچھے مڑ کر نہ دیکھا اور 99.94 کے اوسط کے ساتھ 6996 رنز بنانے کے بعد دنیائے کرکٹ کو خیرباد کہا۔
نیلامی کے لیے پیش کردہ یہ بلّا ڈان بریڈمین نے 1930ء سڈنی سن نامی اخبار کو ہدیے کے طور پر پیش کیا تھا تاکہ وہ بچوں کے ایک ہسپتال کے لیے عطیات جمع کرنے کی خاطر اسے اپنے مقابلے میں پیش کرے۔ جس بچے نے یہ بلّا جیتا، 2008ء تک یہ اسی کی ملکیت رہا یہاں تک کہ اسی سال ایک لاکھ 45 ہزار آسٹریلوی ڈالرز کی خطیر رقم میں فروخت ہوگیا۔
اس وقت یہ بلّا ملبورن کرکٹ گراؤنڈ میں واقع کھیلوں کے قومی عجائب گھر میں موجود ہے اور ایک نامعلوم آسٹریلوی شخص کی ملکیت ہے، جو اب اسے فروخت کرنے کا متمنی ہے۔
اس تاریخی بلّے پر نہ صرف ڈان بریڈمین کے، بلکہ 1928ء کی مذکورہ سیریز کھیلنے والے آسٹریلیا اور انگلستان کے 19 دیگر کھلاڑیوں کے بھی دستخط موجود ہیں۔
2001ء میں 92 سال کی عمر میں وفات پانے والے ڈان بریڈمین کی استعمال کردہ اشیاء آسٹریلیا سمیت دنیا بھر میں خاصی مقبولیت رکھتی ہیں۔ گزشتہ سال ان کا 1948ء میں استعمال کیا گيا دستخط شدہ بلّا 61 ہزار ڈالرز میں فروخت ہوا جبکہ آخری ٹیسٹ مقابلے میں پہنی گئی ٹوپی 2008ء میں 4 لاکھ ڈالرز کی خطیر رقم میں نیلام ہوئی تھی۔