ہاشم آملہ جنوبی افریقہ کے نئے ٹیسٹ کپتان بن گئے

1 1,037

جنوبی افریقہ نے ہاشم آملہ کونیا ٹیسٹ کپتان بنانے کااعلان کردیا ہے۔ وہ گریم اسمتھ کی جگہ طویل طرز کی کرکٹ میں ملک کی قیادت سنبھالیں گے۔

نئے کپتان ہاشم آملہ نے واضح کیا کہ قیادت سنبھالنے کے باوجود وہ شراب ساز اسپانسر کے لوگو کی حامل شرٹ نہیں پہنیں گے (تصویر: AFP)
نئے کپتان ہاشم آملہ نے واضح کیا کہ قیادت سنبھالنے کے باوجود وہ شراب ساز اسپانسر کے لوگو کی حامل شرٹ نہیں پہنیں گے (تصویر: AFP)

گریم اسمتھ نے رواں سال آسٹریلیا کے خلاف سیریز شکست کے بعد ٹیسٹ کرکٹ کو خیرباد کہہ دیا تھا اور اس کے بعد سے جنوبی افریقہ نئے کپتان کا متلاشی تھا۔ ابتداءً ایسا محسوس ہوتا تھا کہ قرعہ فال ابراہم ڈی ولیئرز کے نام نکلے گا جو جنوبی افریقہ کی ون ڈے ٹیم کے کپتان ہیں۔ اس وقت ڈی ولیئرز کی جانب جھکاؤ اور زیادہ بڑھ گیا جب ہاشم آملہ نے قیادت کی ذمہ داری سنبھالنے میں دلچسپی نہیں دکھائی۔ البتہ کرکٹ ساؤتھ افریقہ نے ہاشم آملہ کو قائل کیا اور آج
بورڈ اجلاس کے بعد انہیں کپتان بنانے کا اعلان کردیا ہے۔

اس موقع پر ہاشم آملہ نے کہا کہ قیادت کے فرائض عطا ہونا میرے لیے ایک اعزاز اور قابل فخر بات ہے۔ میں گریم اسمتھ اور ان کی قیادت کو خراج تحسین پیش کرتا ہے۔ سالوں تک بیٹنگ پر اپنی توجہ مرکوز رکھنے کے بعد اب بحیثیت کپتان ذمہ داری نبھانے کا وقت آن پہنچا ہے۔ کپتان رہنما کے بجائے ایک خادم ہوتا ہے۔ میں اپنی پوری تندہی کے ساتھ اس ذمہ داری کو نبھانے کی کوشش کروں گا۔

ہاشم آملہ نے کہا کہ مجھے امید ہے کہ یہ اضافی ذمہ داری میری بیٹنگ کو متاثر نہیں کرے گی اور میرا ہدف جنوبی افریقہ ایک مرتبہ پھر ٹیسٹ میں عالمی نمبر ایک بنانا ہے۔

اب جنوبی افریقہ تینوں طرز کی کرکٹ میں مختلف کپتانوں کی حامل ٹیم بن گیا ہے۔ ٹیسٹ میں ہاشم آملہ کے علاوہ ون ڈے میں قیادت ابراہم ڈی ولیئرز اور ٹی ٹوئنٹی میں فف دو پلیسی کے ہاتھوں میں ہے۔

جنوبی افریقہ کرکٹ بورڈ کا کہنا ہے کہ تین طرز کی کرکٹ میں تین کپتان ہرگز مثالی چیز نہیں ہے لیکن آئندہ سیزن جنوبی افریقہ کے لیے بہت اہمیت رکھتا ہے بالخصوص ورلڈ کپ کی وجہ سے اور ہم چاہتے ہیں کہ ڈی ولیئرز کی زیر قیادت ٹیم کی فتوحات کے سلسلے کو نہ چھیڑا جائے۔

اس موقع پر اعلان کیا گیا کہ کپتان بننے کے باوجود ہاشم آملہ ٹیم اسپانسر شراب ساز ادارے کاسل لیگر کے لوگو کی حامل شرٹ نہیں پہنیں گے

کپتان کی حیثیت سے ہاشم آملہ کا پہلا امتحان اگلے ماہ دورۂ سری لنکا ہوگا جہاں پروٹیز دو ٹیسٹ پر مشتمل سیریز کھیلیں گے۔