[ویڈیوز] باؤنسر ہیلمٹ میں گھس گیا، کیزویٹر شدید زخمی
کرکٹ ایک خطرناک کھیل ہے، اس کی جھلک بہت کم دکھائی دیتی ہے کیونکہ بیٹسمین بہت زیادہ حفاظتی و احتیاطی تدابیر اختیار کرکے کھیلتے ہیں۔ پیڈز سے لے کر ہیلمٹ اور دستانوں سے لے کر گارڈز تک، یہ سب استعمال کرکے ہی وہ اسی نوے میل کی رفتار سے آنے والی گیند کا اعتماد کا ساتھ مقابلہ کرپاتے ہیں لیکن اگر کبھی یہ حفاظت ناکام ہوجائے تو کیا ہوتا ہے؟ یہ آپ انگلستان کے کریگ کیزویٹر سے پوچھ سکتے ہیں بلکہ اب خود دیکھ سکتے ہیں۔
کریگ کیوزیٹر کاؤنٹی چیمپئن شپ میں سمرسیٹ کی جانب سے نارتھمپٹن شائر کے خلاف کھیل رہے تھے کہ حریف باؤلر ڈیوڈ ویلی نے ایک باؤنسر پھینکا، جسے پل کرنے کی کوشش میں کیزویٹر ناکام ہوئے اور گیند ان کے ہیلمٹ کی جالی اور بالائی حصے کے درمیان میں جا گھسی۔ وہ فوری طور پر زمین پر بیٹھ گئے اور کچھ ہی دیر میں ان کے چہرے سے خون رسنا شروع ہوگیا۔ گیند ان کی دائیں آنکھ اور ناک کے بالائی حصے پر لگی تھی۔ انہیں فوری طور پر ریٹائرڈ ہرٹ ہونا پڑا اور وہ چہرے پر تولیہ رکھ کر خون روکنے کی کوشش کرتے ہوئے میدان سے واپس آئے۔
بعد ازاں 26 سالہ وکٹ کیپر نے اس زخم کی تصویر اپنے ٹوئٹر اکاؤنٹ پر شیئر کی جس سے ظاہر ہوتا ہے کہ ان کی آنکھ سوجی ہوئی ہے اور ناک کے بالائی حصے اور گال کی ہڈی پر سخت چوٹ پہنچی ہے۔ ڈاکٹروں کے مطابق ان کی ناک اور گال کی ہڈی ٹوٹ چکی ہے جبکہ آنکھ کی سوجن چند روز میں آہستہ آہستہ اترنے لگے گی۔ اندازہ یہی ہے کہ کیزویٹر کچھ عرصے کے لیے کرکٹ نہیں کھیل پائیں گے۔
26 سالہ وکٹ کیپر انگلستان کی جانب سے 46 ون ڈے اور 25 ٹی ٹوئنٹی میچز کھیل چکے ہیں البتہ جوس بٹلر کی آمد اور جگہ مضبوط کرنے کی وجہ سے وہ تقریباً ڈیڑھ سال سے ٹیم سے باہر ہیں۔