لاہور اور چنئی کا مقابلہ بارش کی نذر ہوگیا

چیمپئنز لیگ ٹی ٹوئنٹی میں لاہور لائنز اور چنئی سپر کنگز کا اہم مقابلہ بارش کی نذر ہوگیا اور دونوں ٹیموں کو دو، دو پوائنٹس سے نواز دیا گیا ہے۔

ابتدائی دو میں سے ایک مقابلہ جیتنے والے چنئی اور اب تک کھیلے گئے واحد گروپ میں شکست کھانے والے لاہور کے لیے یہ میچ انتہائی اہمیت کا حامل تھا کیونکہ یہاں فتح و شکست ان کی پیشرفت کو واضح کرتی لیکن بنگلور میں میچ سے قبل اور دوران ہونے والی بارش نے ایک گیند تو کجا ٹاس تک نہ ہونے دیا۔
ان دونوں ٹیموں کو شکست دینے والے کولکتہ نائٹ رائیڈرز کو پہلے ہی سیمی فائنل تک پہنچ چکےہیں جو اب تک کھیلے گئے اپنے تینوں میچز جیتے ہیں۔ دو پوائنٹس کی بدولت چنئی 6 پوائنٹس کے ساتھ ٹیبل پر دوسرے نمبر پر آ گیا ہے۔ البتہ اس کا صرف ایک میچ باقی ہے جو سنیچر کو پرتھ اسکارچرز کے خلاف ہوگا جہاں چنئی کو لازمی فتح درکار ہے اور شکست کی صورت میں ٹورنامنٹ سے باہر ہوجائے گا۔
دوسری جانب لاہور لائنز کو واحد میچ میں کولکتہ کے ہاتھوں شکست ہوئی تھی اور اب اسے دو پوائنٹس تو مل چکے ہیں لیکن آئندہ میچز میں لازمی فتوحات کی ضرورت پڑے گی۔ دیکھتے ہیں کہ گروپ 'اے' میں کیا صورتحال بنتی ہے۔