پاکستان کی مشکلات میں مزید اضافہ، زخمی جنید خان سیریز سے باہر

1 1,130

آسٹریلیا کے خلاف سیریز میں پے در پے شکستوں کا سامنا کرنے والے پاکستان کو سیریز میں ایک اور دھچکا پہنچا ہے اور تیز گیندباز جنید خان گھٹنے کی تکلیف کا شکار ہوکر پوری سیریز سے باہر ہوگئے ہیں۔

سعید اجمل اور محمد حفیظ کی عدم موجودگی میں پاکستان کے باؤلنگ وسائل ویسے یہ کم تھے کہ جنید خان بھی زخمی ہوگئے (تصویر: AFP)
سعید اجمل اور محمد حفیظ کی عدم موجودگی میں پاکستان کے باؤلنگ وسائل ویسے یہ کم تھے کہ جنید خان بھی زخمی ہوگئے (تصویر: AFP)

پاکستان پہلے ہی آسٹریلیا کے خلاف ایک روزہ سیریز میں اپنے دو بہترین گیندبازوں سعید اجمل اور محمد حفیظ سے محروم ہے۔ سعید اجمل کے باؤلنگ ایکشن کو بین الاقوامی کرکٹ کونسل نے حال ہی میں غیر قانونی قرار دیا ہے جس کی وجہ سے وہ اس وقت تک دوبارہ ایکشن میں نظر نہیں آ سکتے جب تک کہ ثابت نہ کریں کہ ان کا باؤلنگ ایکشن قانونی حدود کے اندر ہے جبکہ محمد حفیظ چند روز قبل پریکٹس کے دوران بائیں ہاتھ پر سخت چوٹ کھا بیٹھے تھے اور ایک روزہ سیریز سے باہر ہوگئے۔

محدود باؤلنگ وسائل میں جنید خان کا زخمی ہونا پاکستان کے لیے بڑا نقصان ہے۔ وہ پہلے ایک روزہ مقابلے سے قبل فیلڈنگ مشقوں کے دوران گھٹنے کے مڑ جانے کی وجہ سے مقابلہ نہیں کھیل پائے تھے اور بعد ازاں چوٹ کی نوعیت اور شدت کے لیے کیے گئے تجربات کے بعد ثابت ہوا کہ وہ نہ صرف ایک روزہ بلکہ اس کے بعد دو ٹیسٹ مقابلے بھی نہیں کھیل پائیں گے۔

سیریز کا دوسرا ایک روزہ مقابلہ 10 اکتوبر کو ہوگا جبکہ ٹیسٹ سیریز 22 اکتوبر سے شروع ہوگی۔

پاکستان کرکٹ بورڈ نے بائیں ہاتھ ہی سے باؤلنگ کرنے والے سہیل تنویر کو ان کے متبادل کے طور پر طلب کیا ہے جو پہلے ہی متحدہ عرب امارات میں موجود ہیں۔

جنید خان ماضی قریب میں متعدد بار انجری مسائل کی وجہ سے طویل عرصے کے لیے ٹیم سے باہر ہوئے ہیں جن میں قابل ذکر 2012ء کے اوائل میں انگلستان کے خلاف عرب امارات ہی میں ہونے والی سیریز میں گھٹنے کی انجری تھی جس کی وجہ سے وہ چار مہینوں تک کرکٹ نہیں کھیل پائے تھے۔