بھارت-ویسٹ انڈیز سیریز کو کوئی خطرہ نہیں: بی سی سی آئی

0 1,018

بھارت اور ویسٹ انڈیز کے مابین سیریز کا آغاز تو بڑا زبردست ہوا ہے، جہاں ویسٹ انڈیز نے پہلے ایک روزہ میں 124 رنز سے کامیابی حاصل کرکے سب کو حیران کردیا ہے۔ لیکن سیریز کے حقیقی ہنگامے نے دراصل کوچی میں ہونے والے اس ون ڈے سے پہلے جنم لیا تھا جب ویسٹ انڈیز کے کھلاڑیوں نے ٹرافی کی رونمائی، پریکٹس سیشن اور پریس کانفرنس میں شرکت نہیں کی۔ یہ حرکت دراصل ویسٹ انڈیز کرکٹ بورڈ اور ویسٹ انڈیز پلیئرز ایسوسی ایشن کے درمیان ہونے والے معاہدے کے خلاف احتجاج تھا جس میں طے شدہ تنخواہوں پر ٹیم کے کھلاڑی مطمئن نہیں تھے۔

ویسٹ انڈیز کے کھلاڑیوں نے تنخواہ کے معاملے پر پہلے ون ڈے سے قبل ٹرافی کی رونمائی، پریکٹس سیشن اور پریس کانفرنس میں شرکت نہیں کی (تصویر: WICB)
ویسٹ انڈیز کے کھلاڑیوں نے تنخواہ کے معاملے پر پہلے ون ڈے سے قبل ٹرافی کی رونمائی، پریکٹس سیشن اور پریس کانفرنس میں شرکت نہیں کی (تصویر: WICB)

اس کے باوجود پہلا ایک روزہ طے شدہ وقت پر منعقد ہوا اور اب بھارتی کرکٹ بورڈ کہتا ہے کہ سیریز کے تمام مقابلے شیڈول کے عین مطابق ہوں گے اور اس تنازع سے سیریز کو کوئی خطرہ نہیں ہے۔

بھارتی کرکٹ بورڈ کے سیکرٹری سنجے پٹیل کہتے ہیں کہ ویسٹ انڈیز کرکٹ بورڈ کے عہدیداران سے رابطہ کیا گیا ہے اور انہوں نے سیریز کے جاری رہنے کی یقین دہانی کرائی ہے اور ساتھ میں انہوں نے یہ پیشکش بھی کی کہ اگر وہ چاہیں تو بھارتی بورڈ ثالث کا کردار بھی ادا کرسکتا ہے۔

اب افواہوں کو پھیلنے سے کون روک سکتا ہے؟ چند حلقے کہہ رہے ہیں کہ دراصل بھارتی بورڈ نے اپنی بنی بنائی سیریز بگڑنے سے بچانے کے لیے ویسٹ انڈیز کے کھلاڑیوں یا بورڈ کو ادائیگی کی ہے۔ گو کہ سنجے پٹیل اس کی تردید کرتے ہیں اور کہتے ہیں کہ یہ ویسٹ انڈیز کا داخلی معاملہ ہے اور ہم صرف مشورہ دے سکتے ہیں، پیسہ درمیان میں نہیں لا سکتے۔

اب ویسٹ انڈیز کرکٹ بورڈ کے اہم عہدیداران بھی بھارت روانہ ہو رہے ہیں کہ جہاں وہ سنیچر کو دہلی میں دوسرے ایک روزہ سے پہلے اپنی ٹیم کے کھلاڑیوں سے مذاکرات کریں گے اور معاملے کو سنبھالیں گے۔