عالمی کپ 2015ء: پاک-بھارت مقابلے کے ٹکٹ صرف 12 منٹوں میں فروخت

1 1,022

پاکستان اور بھارت کے باہمی کرکٹ تعلقات منقطع ہوئے کوئی 7 سال گزر چکے۔ درمیان میں صرف ایک بار محدود اوورز کی ایک مختصر سیریز کھیلی گئی لیکن اس کے علاوہ سوائے بین الاقوامی ٹورنامنٹس کے کبھی یہ دونوں روایتی حریف مقابل نہیں آئے۔

پاکستان اور بھارت تقریباً ڈیڑھ سال بعد پہلا ون ڈے ورلڈ کپ 2015ء میں کھیلیں گے (تصویر: BCCI)
پاکستان اور بھارت تقریباً ڈیڑھ سال بعد پہلا ون ڈے ورلڈ کپ 2015ء میں کھیلیں گے (تصویر: BCCI)

اب صرف تین ماہ بعد ایک بار پھر دونوں ٹیمیں عالمی کپ میں ٹکرائیں گی اور اس مقابلے کی اہمیت کا اندازہ اس بات سے لگایا جاسکتا ہے کہ جیسے ہی ٹکٹ فروخت کے لیے پیش ہوئے، صرف 12 منٹوں میں ہی تمام ٹکٹ ختم ہوگئے۔

عالمی کپ 2015ء میں پاکستان اور بھارت کا مقابلہ 15 فروری کو آسٹریلیا کے شہر ایڈیلیڈ میں کھیلا جائے گا کہ جس کا میدان ایڈیلیڈ اوول 50 ہزار سے زیادہ افراد کی گنجائش رکھتا ہے۔ یہ میدان ریاستی حکومت کی ملکیت ہے جسے توقع ہے کہ 20 ہزار بھارتی شائقین یہ اہم مقابلہ دیکھنے کے لیے بھارت سے آسٹریلیا آئیں گے۔

ریاست کے نائب وزیراعلیٰ جان راؤ نے کہا کہ ہم پاک-بھارت مقابلے کی میزبانی پر بہت خوش ہیں اور ہمیں امید ہے کہ آسٹریلیا میں مقیم پاکستانی اور بھارتی باشندوں سے میدان بھرا ہوا ہوگا۔ انہوں نے بتایا کہ خصوصی پیکیج کے تحت میچ کے چند ٹکٹ اب بھی دستیاب ہوں گے۔