[ریکارڈز] ایک روزہ کرکٹ کی طویل ترین انفرادی اننگز

0 1,339

تصور، خیال،وہم و گمان سے بالاتر اننگز، ایسی ریکارڈ ساز باری جس کو صرف اسی کھلاڑی خطرہ ہے جس نے اسے بنایا ہے۔ بھارت کے روہیت شرما نے محض ایک سال کے عرصے میں ایک مرتبہ پھر ڈبل سنچری کا سنگ میل عبور کرلیا اور اس مرتبہ ایک روزہ کرکٹ تاریخ کی طویل ترین اننگز کھیل کر نیا ریکارڈ قائم کردیا۔

روہیت شرما ایک روزہ کرکٹ میں دو مرتبہ ڈبل سنچری بنانے والے پہلے بلے باز بنے (تصویر: BCCI)
روہیت شرما ایک روزہ کرکٹ میں دو مرتبہ ڈبل سنچری بنانے والے پہلے بلے باز بنے (تصویر: BCCI)

سری لنکا کے خلاف سیریز کے چوتھے مقابلے میں روہیت نے صرف 173 گیندوں پر 264 رنز کی باری کھیل کر صرف شائقین کرکٹ کو حیران نہیں کیا، بلکہ کرکٹ کے چاہنے والوں کو گیند اور بلّے کے درمیان عدم توازن کے حوالے سے تشویش ناک حد تک پریشانی میں بھی مبتلا کردیا ہے۔

ایڈن گارڈنز، کولکتہ کے تاریخی میدان پر روہیت شرما کی اننگز کا آغاز ہر گز ایسا نہیں تھا کہ کسی کو خطرہ محسوس ہو۔ خاص طور پر جب 4 رنز پر ان کا کیچ چھوڑا گیا تھا تو خود روہیت کو بھی اندازہ نہیں ہوگا کہ یہ کرکٹ تاریخ کا مہنگا ترین ڈراپ شمار ہوگا۔

سست آغاز کے بعد جب روہیت کی آنکھیں مکمل طور پر کھل گئیں، تو کسی سری لنکن باؤلر کو جائے پناہ نہیں ملی۔ خاص طور پر تیسری وکٹ پر روہیت اور ویراٹ کوہلی کی 202 رنز کی شراکت داری نے بھارت کی ایک بہت بڑے مجموعے تک پہنچنے کی راہ ہموار کی۔ کوہلی 66 رنز بنانے کے بعد رن آؤٹ ہوئے اور 404 رنز کی اننگز میں روہیت کے بعد یہی قابل ذکر باری تھی۔

روہیت شرما ریکارڈز کے انبار لگانے کے بعد آخری اوور کی آخری گیند پر آؤٹ ہوئے۔ وہ ایک روزہ میں دو ڈبل سنچریاں بنانے پہلے بلے باز بنے، پھر سب سے طویل ایک روزہ اننگز کا ریکارڈ قائم کیا اور آخر میں سب سے زیادہ 33 چوکوں کے ریکارڈ کے بھی مالک بن گئے۔

یہ گزشتہ چار سالوں میں بننے والی چوتھی ون ڈے ڈبل سنچری ہے۔ سب سے پہلے یہ کارنامہ بھارت کے عظیم بلے باز سچن تنڈولکر نے انجام دیا تھا۔ انہوں نے فروری 2010ء میں گوالیار کے مقام پر جنوبی افریقہ کے خلاف 200 رنز کی ناقابل شکست اننگز کھیل کر سعید انور کا 13 سال پرانا ریکارڈ توڑا تھا۔ لیکن اگلے ہی سال ہم وطن بلے باز وریندر سہواگ نے 219 رنز بناکر سچن کے ریکارڈ کو قصہ پارینہ بنا دیا۔ 'ویرو' نے دسمبر 2011ء میں ویسٹ انڈیز کے خلاف اندور کے مقام پر 149 گیندوں پر 219 رنز کی دھواں دار اننگز کھیلی تھی۔

پھرپچھلے سال دیوالی کے دن ڈبل سنچری کلب میں روہیت شرما کی آمد ہوئی۔ آسٹریلیا کے خلاف چناسوامی اسٹیڈیم، بنگلور میں ہونے والے ایک روزہ مقابلے میں روہیت نے صرف 158 گیندوں پر 12 چوکوں اور ریکارڈ 16 چھکوں کی مدد سے 209 رنز بنائے اور اب ٹھیک ایک سال بعد ایک مرتبہ پھراسی مقام سے گزرے اور پھر بڑھتے چلے گئے۔ یہاں تک کہ173 گیندوں پر 264 رنز بنا ڈالے۔

روہیت شرما رواں سال اگست میں انگلی کی تکلیف کی وجہ سے ٹیم سے باہر ہوگئے تھے لیکن عالمی کپ سے صرف تین ماہ پہلے یہ تاریخی اننگز کھیل کر ثابت کردیا ہے کہ اگر بھارت اپنے عالمی اعزاز کا دفاع کرنا چاہتا ہے تو آسٹریلیا اور نیوزی لینڈ کی سرزمین پر روہیت نے بہتر کوئی انتخاب نہ ہوگا۔

ایک روزہ کرکٹ تاریخ کی طویل ترین اننگز کی ایک فہرست ہم ذیل میں آپ کے لیے پیش کررہے ہیں، امید ہے معلومات میں اضافے کا باعث بنے گی:

ایک روزہ کرکٹ کی طویل ترین انفرادی اننگز

بلے باز ملک رنز گیندیں چوکے چھکے بمقابلہ بمقام بتاریخ
روہیت شرما بھارت 264 173 33 9 سری لنکا کولکتہ 13 نومبر 2014ء
وریندر سہواگ بھارت 219 149 25 7 ویسٹ انڈیز اندور 8 دسمبر 2011ء
روہیت شرما بھارت 209 158 12 16 آسٹریلیا بنگلور 2 نومبر 2013ء
سچن تنڈولکر بھارت 200* 147 25 3 جنوبی افریقہ گوالیار 24 فروری 2010ء
چارلس کوونٹری زمبابوے 194* 156 16 7 بنگلہ دیش بلاوایو 16 اگست 2009ء
سعید انور پاکستان 194 146 22 5 بھارت چنئی 21 مئی 1997ء
ویوین رچرڈز ویسٹ انڈیز 189* 170 21 5 انگلستان مانچسٹر 31 مئی 1984ء